• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: مسلسل دوسرے روز کورونا سے 50 ہزار افراد بیمار


امریکا میں لاک ڈاؤن کھولنے کا بھیانک نتیجہ نکلا ہے، مسلسل دوسرا روز ہے کہ مختلف ریاستوں میں سامنے آئے کورونا کیسز کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

کانگریس کے بجٹ آفس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ملازمتوں پر وباء کے برے اثرات آئندہ 10 سال تک ختم نہیں کیے جا سکیں گے۔

کورونا وائرس کی وباء سے سب سے زیادہ متاثر ریاستوں میں نیویارک کا پہلا، کیلیفورنیا کا دوسرا اور ٹیکساس کا تیسرا نمبر ہے، صرف ٹیکساس میں 1 لاکھ 80 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ریاست ٹیکساس میں ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہےکہ ان تمام کاؤنٹیز کے باشندوں کو ماسک لازمی پہننا ہوں گے جہاں 20 یا اس سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

امریکا میں قومی دن کی تقریبات 4 جولائی کومنعقد ہو رہی ہیں، خدشہ ظاہر کیا جا رہا کہ ریلیوں میں بغیر ماسک کے شرکت کرنے والے افراد کورونا وائرس کی وباءپھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

کورونا وائرس کی وباء کے سبب امریکا کی معیشت بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔

کانگریس کے بجٹ آفس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2030ء کے چوتھے کوارٹر میں بے روزگاری کی شرح 4 اعشاریہ 4 فیصد تک ہو گی۔

یہ اس کے باوجود ہے کہ صرف جون میں لاک ڈاؤن نرم ہونے سے ملک میں 48 لاکھ افراد کو روزگار ملا ہے، جس سے بے روزگاری کی شرح 13 اعشاریہ 3 فیصد سے کم ہوکر 11 اعشاریہ 1 فیصد ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کورونا، امریکا میں ایک دن میں 23 ہزار نئے متاثرین، مزید 1397ہلاکتیں

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 31 ہزار 485 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 37 ہزار 189 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 15 لاکھ 14 ہزار 613 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 907 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 91 ہزار 91 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب دنیا دنیا بھر میں کورونا کی وباء میں کمی آنے کے بجائے مزید شدت آ گئی ہے، گزشتہ روز (جمعرات کو) دنیا بھر میں نئے کورونا مریضوں کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا، جب ایک ہی دن میں دنیا بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آ گئے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار 249 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 24 ہزار 176 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 43 لاکھ 16 ہزار 192 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 869 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 61 لاکھ 49 ہزار 881 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین