• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں آج سےمعمول کی زندگی کا آغاز ہوگا

لندن (سعید نیازی) کورونا وائرس کے پھیلائو میں مسلسل کمی کے بعد لاک ڈائون میں نرمی کے تیسرے مرحلے کے تحت تقریباً ساڑھے تین ماہ کے بعد آج ہفتہ کے روز سے معمول کی زندگی کی واپسی کا آغاز ہوگا جس کے تحت عبادت گاہیں، میوزیم، آرٹ گیلریز، سینما، ریسٹورنٹس، پبس، ایڈونچر پارک، ہیئر سیلون، کیمپ اور کاروان سائٹس وغیرہ عوام کے لیے اپنے دروازے کھول دیں گے۔ ہفتہ کے روز سے فارن آفس ٹریول ایڈوائز بھی تبدیل کررہا ہے۔ ہفتہ4جولائی کو ’’سپر سٹر ڈے‘‘ بھی قرار دیا جارہا ہے،بعض افراد اسے آزادی کے دن سے تعبیر کررہے ہیں۔ وزیراعظم بورس جانسن نے برطانوی عوام سے کہا ہے کہ وہ گرم موسم سے دانش مندی کے ساتھ لطف اندوز ہوں اور یہ سب کچھ عوام کے تعاون اور احتیاطی تدابیر کے سبب ممکن ہوا ہے، اس خدشہ کا اظہار کیا جارہا ہے کہ طویل عرصہ کے بعد پبس کھلنے کے سبب لوگ زیادہ مے نوشی کرکے مسائل پیدا کرسکتے ہیں، اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے بعض پولیس فورسز نے تعطیلات منسوخ کردی ہیں۔ میٹ پولیس کی سربراہ ڈیم کرسیڈا ڈک کا کہنا تھا کہ ویک اینڈ پر ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے شہر میں اضافی پولیس تعینات ہوگی۔ بیشتر بزنسز کھلنے کے باوجود جو کاروبار بند رہیں گے ان میں نیل سیلون، ٹیٹوز پارلر، جم، سوئمنگ پول، کرکٹ اور فٹ بال کے اسپورٹس ایونٹس، لائیو کنسرٹ، پلے اور ویسٹ اینڈ شوز شامل ہیں۔ ایک طویل مدت کے بعد زندگی کے معمول پر واپس آنے کے حوالے سے گزشتہ روز لوگوں میں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا تھا۔ 

تازہ ترین