کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے فضائیہ ہائوسنگ اسکیم کے متاثرین کو رقم کی واپسی کے معاملے پر درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے نظر ثانی کی درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت تک متاثرین کو رقم فراہم کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے نیب کو متاثرین سے کلیم اور ویری فکیشن کا عمل جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے معاملے کی مزید سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دینے کے لیے کیس چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بھیج دیا ہے۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں فضائیہ ہائوسنگ اسکیم کے متاثرین کو رقم کی واپسی کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت متاثرین کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ دو رکنی بنچ نے 19 مئی کو میکسم مارکیٹنگ کے مالکان کی درخواست ضمانت میں متاثرین کو چھ ماہ میں رقم واپسی کا حکم دیا تھا ، ملزمان اور نیب نے غلط بیانی کرکے عدالت سے رقم کی تقسیم کا آرڈر کرایا۔