• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شربت کی بوتلوں میں آئس کا کیس،کیمیکل ایگزامنر آج طلب

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے شربت کی بوتلوں میں آئس ملا کر بیرون ملک لیجانے والے ملزم کے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے کیمیکل ایگزامنر کو طلب کرلیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ اے این ایف راولپنڈی نے گزشتہ سال تین اگست کو سعودی عرب جانے والے ملزم محمد شہزاد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے شربت کی 12بوتلیں برآمد کی تھیں جن کا مجموعی وزن 10632گرام بنتا ہے، اے این ایف کے مطابق ملزم نےشربت کی بوتلوں میں آئس ملا رکھی تھی، گزشتہ روز عدالت نے تفتیشی افسر راجہ شعیب سے سوال کیا کہ آئس کی اصل شکل تو کرسٹل کے چھوٹے چھوٹے دانوں کی طرح ہوتی ہے کیا وہ دانے خود بخود محلول بن گئے یا باقاعدہ پراسس کر کے انہیں محلول کی شکل دی گئی تو تفتیشی افسر نے کہا کہ باقاعدہ پراسس سے گزار کر دیگر اجزاء بھی شامل کئے جاتے ہیںجس پر عدالت نے کہا کہ اگر اس شربت میں کوئی اور چیز شامل کی گئی ہے تو یہ سارا آئس کیسے بن سکتا ہے، عدالت نے لیبارٹری انچارج ڈاکٹر شہزاد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج چار جولائی کو عدالت پیش ہوکر وضاحت کی ہدایت کر دی، عدالت نے کہا کہ یہ سوال بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ اگر یہ ساری آئس ہے تو ملزم کو کیس ثابت ہونے کی صورت میں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے لہٰذا اس بات کا تعین کرنا بہت ضروری ہو گیا ہے۔
تازہ ترین