• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پولیس کانسٹیبل کے قتل کا مقدمہ CTD تھانے میں درج


کراچی کے بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں واقع منظور کالونی میں گزشتہ صبح پولیس کانسٹیبل نعمان کی دہشت گردوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ مقتول کے بھائی کانسٹیبل عاشر کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں قتل، اسلحے چھیننے اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مدعی عاشر کے مطابق اس کے بھائی کی پوسٹنگ مددگار 15 ایس آر پی بیس قیوم آباد میں تھی، جبکہ اُس کی ڈیوٹی کلفٹن تھانے میں تھی، نعمان صبح 8 بجے تک ڈیوٹی ختم کر کے گھر آتا تھا، گزشتہ روز نعمان ساڑھے 8 بجے بھی گھر پر نہیں آیا تو اس کے نمبر پر فون کیا۔

عاشر نے بتایا کہ بھائی کا فون کسی شخص نے اٹھایا اور کہا کہ تمہارے بھائی کو گولیاں لگی ہیں جلدی سے جناح اسپتال آ جاؤ، حملہ آور بھائی کا لائسنس یافتہ پستول بھی ساتھ لے گئے۔

واضح رہے کہ 26 سالہ پولیس کانسٹیبل نعمان کی تعیناتی مددگار 15 ساؤتھ بیس پر تھی جو جمعے کی صبح ڈیوٹی سے واپس گھر جاتے ہوئے تھانہ بلوچ کالونی کی حدود میں عوامی کالونی میں دہشت گردی کا نشانہ بنا۔

جناح اسپتال کے اسسٹنٹ پولیس سرجن کے مطابق مقتول کانسٹیبل نعمان کو 30 بور پستول کی 3 گولیاں ماری گئیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، فائرنگ سے کرکٹ کھیلنے والا پولیس اہلکار جاں بحق

گزشتہ شام مقتول کی نمازِ جنازہ میں آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے علاوہ ڈی آئی جی آپریشن، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ساؤتھ، ایس ایس پی ایس ایس یو آپریشن، ایس ایس پی 15، ایس پی گلشن، ایس پی ملیر کے علاوہ رینجرز کے سینئر افسران شہید کے ورثاء اور اہلِ علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے شہید کانسٹیبل کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے محکمۂ پولیس کے لیے شہید کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

تازہ ترین