• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی بی اے، پی ایف یو جے کی نیوز چینل کا لائسنس معطل کرنے کی مذمت


پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن(پی بی اے)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے 24نیوز چینل کا لائسنس معطل کرنے کی مذمت کی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں پی بی اے اور پی ایف یو جے کے ذمے داران نے کہا کہ اس اقدام سے سیکڑوں ورکر متاثر ہوں گے، لہٰذا چینل کی معطلی کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

پی بی اے نے پیمرا کی جانب سے چینل24 کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا کے ا س اقدام سے چینل میں کام کرنے والے سیکڑوں افراد کے ذریعہ معاش کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف پیمرا مختلف کیٹیگریز میں نئے لائسنسز کا اجرا کررہا ہے، جس کی موجودہ اینالاگ سسٹم میں گنجائش نہیں ہے، دوسری طرف پہلے سے آن ایئر چینلز کے لائسنس پروسیجرل ایشوز کی وجہ سے معطل کررہا ہے۔

پی بی اے نے پیمرا سے چینل ٹوئنٹی فور کی معطلی کو واپس لینے اور چینل کو شفاف اور ہمدردانہ سماعت کا موقع دے کر معاملے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

پی ایف یو جے کے صدر اور جنرل سیکریٹری نے مشترکہ بیان میں پیمرا پرزور دیا ہے کہ وہ چینل ٹوئنٹی فور کی معطلی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیں، چینل کافی عرصےسے آپریشنل ہے، بندش سے سیکڑوں صحافی متاثر ہوں گے۔

دوسری جانب ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے پیمرا کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے، پیمرا کا یہ اقدام چینل کے ورکنگ صحافیوں کو بے روزگار کرے گا، چینل 24 کی مینجمنٹ کو دیگر چینلز کی طرح اپنا لائسنس تبدیل کرانے کا موقع دیا جائے۔

پیمرا اعلامیے کے مطابق سینٹرل میڈیا نیٹ ورک جاری شدہ لائنس کے تحت ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانےکا مجاز تھا جبکہ کمپنی24 نیوز کے نام سے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز پر مبنی مواد نشر کررہی تھی، پیمرا اعلامیے کے مطابق چینل کا لائسنس فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

چینل24 نے پیمرا کے اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی چینل 24 کی بندش کی شدید مذمت، فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینل 24 کا موقف سنے بغیر اسے آف ائیر کرنا ظلم، زیادتی اور فسطائیت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا صنعت تباہ کرنے کے بعد کورونا کی خراب صورتحال میں مزید بیروزگاری پھیلائی جارہی ہے، تنقید سے گھبرائی حکومت کے لئے آسان راستہ، چینل، زبان اور ادارہ بند کرنا رہ گیا ہے۔

پیمرا اس سے قبل نیو ٹی وی کا لائسنس بھی معطل کرچکا ہے، جس کے خلاف چینل نے عدالت سے رجوع کیا، لاہور ہائی کورٹ نے’نیو ٹی وی‘ کی نشریات بحال کرنے کا حکم دیا۔

تازہ ترین