• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، ماحولیاتی ایجنسی کی اجازت کے بغیر تعمیرات، چیئرمین CDA طلب

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری کے بغیر تعمیرات کیس میں چیئرمین سی ڈی اے ،مئیر اسلام آباد، سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ عدالت نے کہاکہ عام عوام کی حفاظت کیلئے ماحولیاتی کے حوالے سے قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے۔ ہفتہ کو دور ان سماعت پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ڈی جی فرزانہ الطاف عدالت کے سامنے پیش ہوئیں جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے حسنین حیدر تھیم، ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ پیش ہوئے۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے،مئیر اسلام آباد، سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاکہ وضاحت کریں کیوں نہ ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سی ڈی اے نالوں پر تعمیرات کی منظوری نہیں دے سکتا،اسلام آباد میں سرعام ماحولیات کے قوانین کی خلاف ورزی جاری ہے۔ ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے کہاکہ ہم مجبور ہو چکے ہیں اسلام آباد میں ہمارا کوئی مددگار نہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیسے آپ بے یارو مددگار ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا آپ نے چیئرمین سی ڈی اے،ممبران کو نوٹس جاری کئے؟ ۔ ڈی جی انوائر منٹل پروٹیکشن نے کہاکہ میرے پاس ایک انسپکٹر بھی نہیں، سی ڈی اے انوائرمنٹ کی منظوری کے بغیر تعمیرات کرا ریا ہے، تین روز قبل تین پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھاگیا۔ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن نے کہاکہ چیئرمین سی ڈی اے سب جانتے ہوئے بھی یہ سب کچھ کرا ریے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ مئیر، چیئرمین سی ڈی اے ،وفاقی سیکرٹریز کے خلاف کرمنل کیس شروع کر سکتی ہیں، رپورٹ دیں اور سفارش کریں کہ آپ کے قانون میں کیا کر سکتا ہے۔

تازہ ترین