• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ میں یومیہ کورونا کیسز ووہان کے مجموعی مریضوں سے بڑھ گئے

واشنگٹن/ پیرس(جنگ نیوز، اے ایف پی)امریکا میں یومیہ کوروناکیسزووہان کے مجموعی مریضوں سےتجاوز کرگئی ہے جبکہ ماہرین کاکہناہےکہ بدترین وقت آ نے والا ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہاہےکہ دنیا بحث و تکرار کے بجائےبگڑتی صورتحال کو قابو کرے۔غیرملکی میڈیا کےمطابق امریکا میں یومیہ سامنے آنےوالے کورونا مریضوں کی تعداد ووہان کے مجموعی کیسز سے زیادہ ہوگئی ہے اور گزشتہ روز امریکا میں 50 ہزار سے زائد کورونا مریض ریکارڈ کیے گئے۔جان ہاپکنز کے مطابق گزشتہ روز امریکا میں 52 ہزار 300 کے قریب نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک روز قبل 51 ہزار 200نئےمریض دیکھے گئے تھےجبکہ مجموعی طور پر ووہان میں اب تک 50ہزار 333کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ادھر ماہرین نے کہاہےکہ جب تک کورونا پوری دنیا کو متاثر نہیں کردیتاوائرس تشویشناک شرح سے پھیلتا رہے گا اور اب تقریباً کئی ممالک کیلئے اس وباکے پھیلائو کو روکنا نا ممکن ہے۔ ماہرین کا کہناہےکہ ہر آئندہ دن زیادہ خطرناک ہے جبکہ بدترین وقت آنے والا ہے، وائرس سے ترقی پزیر ممالک میں صورتحال خراب ہے،صرف اتنا ہی نہیں ترقی یافتہ ملک امریکا میں بھی کورونا وائرس کا پھیلائو تیزی سے جاری ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں حج سے ایک ماہ قبل ہی کورونا کیسز 2لاکھ سے تجاوز کرگئے، گزشتہ روز ملک میں مزید 4 ہزار 193نئے مریض سامنے آئےجبکہ اب تک 1,802مریض انتقال کر گئے ہیں،مملکت میں سامنےآنے والے متاثر مریضوں میں سے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد صحتیاب ہوگئے ہیں۔مزید برآں عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متاثر ممالک پر زور دیاہےکہ بحث و تکرار کے بجائے اپنی آنکھیں کھولی جائیں اوربگڑتی صورتحال کو قابو کیاجائے۔عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی ڈائریکٹرمائیکل ریان نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہاہےکہ لوگوں کو جاگنے کی ضرورت ہے، اعداد و شمار جھوٹ نہیں بول رہے۔
تازہ ترین