• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سروس روڈ نارتھ آئی ٹین‘آئی الیون کی تکمیل کیلئے کام کے آغاز کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے نے سروس روڈ نارتھ آئی ٹین‘ آئی الیون خیابان جوہر کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کی تکمیل کیلئے باقی کام کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں سب سے کم بولی 19اعشاریہ 900ملین روپے موصول ہوئی ہے۔ منصوبے کی کل لاگت کا تخمینہ 34.84ملین روپے لگایا گیا تھا تاہم شفافیت اور صحت مندانہ مقابلے کے بعد منصوبے پر کام کیلئے ملنے والی سب سے کم بولی لگائے گئے تخمینے سے 43فیصد کم ہے۔ سروس روڈ (نارتھ) سیکٹر آئی ٹین‘ آئی الیون کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ تقریباً9 سال سے تعطل کا شکار تھا۔ اس منصوبے پر کام 2011ء میں شروع ہوا تھا جسے 2012ء تک مکمل کرنا تھا تاہم اس کے بعد آنے والی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث کئی سال سے کام تعطل کا شکار تھا۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ جو ایک جامع پلان کے تحت سیکٹروں میں تعطل کے شکار ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور اسلام آباد کے انفرا سٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہی ہے نے اس منصوبے پر دوبارہ کام کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں منصوبے کی تکمیل میں حائل تکنیکی اور انتظامی مسائل کو دور کرنے کے بعد گزشتہ ماہ باقی ماندہ کام کی تکمیل کیلئے ٹینڈر جاری کئے گئے تھے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی ہے کہ وہ قواعدو ضوابط کو جلد مکمل کریں تاکہ منصوبے پر کام مزید تاخیر کے بغیر شروع کیا جا سکے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے کشمیر ہائی وے، 9th ایونیو، آئی جے پی روڈ سمیت دیگر ملحقہ شاہراہوں سے آنے والی ٹریفک بالخصوص سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین تھری کے انڈسٹریل ایریا میں صنعتی سامان کی ترسیل میں سہولت میسر آئیگی۔
تازہ ترین