• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں اور وکلا رہنماؤں نے میر شکیل کی گرفتاری کو مسترد کردیا


سینیئر صحافیوں اور وکلا رہنماؤں نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی بےبنیاد گرفتاری کو مسترد کرتے ہوئے اسے میڈیا کی آزادی پر حملہ قرار دیا جبکہ چینل 24 کی بندش کو بھی حکومت کی میڈیا کش پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

راولپنڈی یونین آف جرنلسٹس اور جنگ گروپ کے صحافیوں کے زیر اہتمام بین الاقوامی آن لائن سیمینار ہوا جس سے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی، سینئر صحافیوں حامد میر، آصف علی بھٹی، افضل بٹ، سلیم بخاری، انور اقبال، رضا رومی، ارشد انصاری اور دیگر نے خطاب کیا۔

سیمینار میں امریکا سے اپنا تنظیم کے ڈاکٹر نسیم شیخانی، برطانیہ سے ارشد رچال، بیلجیئم سے خالد حمید فاروقی اور دیگر نامور حضرات نے بھی شرکت کی۔

شرکا نے متفقہ طور پر حکومت کے میڈیا کش اقدامات کو مسترد کیا اور کہا کہ آزادی اظہار کو جتنے خطرات آج لاحق ہیں پہلے کبھی نہ تھے۔

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی نے صحافتی تنظیموں اور سینئر صحافیوں کو میڈیا کی آزادی کے لیے سیاسی جماعتوں، وکلا تنظیموں اور سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کے ساتھ مل کر چلنے کی دعوت بھی دی۔

تازہ ترین