• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر پوری دنیا کو تشویش ہے، سلیم مانڈوی والا

کراچی (پ ر )پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے ڈپٹی چیئر مین سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم پر پوری دنیا کو تشویش ہے۔پاکستان اسرائیلی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتا ہم فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے اپنی رہائش گاہ پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے تنظیم کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم کی قیادت میں سلیم مانڈوی والا سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ سرپرست کمیٹی کے رکن اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی بھی موجود تھے۔ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلہ کے منصفانہ حل کے لئے کی جانے والی تمام کوششوں کو سراہتا ہے اور ایسی کوششوں کو جاری رکھنے کی تائیدکرتے ہیں۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا مقصد ملک میں عوام تک مسئلہ فلسطین سے متعلق درست آگہی فراہم کرنا ہے اور ا س کام کے لئے فلسطین فاؤنڈیشن دن رات کوششوں میں مصروف عمل ہے۔انہوں نے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دس سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔اس موقع پر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسے کسی مذہب کے ساتھ جنگ کے طور پر بنا کر پیش کرنا سراسرغلط ہے۔فلسطین کا زکی حمایت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان کسی مذہب کے خلاف ہیں بلکہ اسرائیل کا قیام ایک غلط اقدام ہے لہذا فلسطین فلسطینیوں کو ملنا چاہئیے۔

تازہ ترین