• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے مافیاز سے مل کرپاکستان کی معیشت تباہ کردی،پی پی رہنما

ہیلی فیکس(زاہد انور مرزا) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد بذریعہ ( zoom)پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر رہنما رضا خان کیا گیا،اس کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور نظریاتی جیالوں نے مختلف ممالک سے شرکت کی اور پاکستان کی بگڑتی ہوئی اقتصادی صورتحال،نیب اور حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے سینئر رہنماؤں پر جعلی و جھوٹے مقدمات اور کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجوہات پر تفصیل سے اظہار خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں بطور معاون خصوصی سعودی عرب کے شہر ریاض سے سیکرٹری جنرل عدیل رانا نے فرائض انجام دیئے۔ کانفرنس کا آغاز علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی امور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان میں مُہلک موذی وباکورونا کے پھیلاؤ میں تیزی ، بیروزگاری ،غربت اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ،چینی مافیا،آٹا مافیا نے حکومت کے ساتھ مل کر ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے کورونا وائرس پر پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے بروقت بہترین اقدامات پر مقررین نے وضاحت کے ساتھ اظہار خیال کیا اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پالیسیوں کو سراہا گیا۔ آن لائن کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور قائدین سمیت پارٹی کے مختلف ممالک کے صدور،خواتین ونگ کی صوبائی قیادت کی عہدیداران،سیکرٹری جنرلز سمیت پی وائی او کے نمائندوں اور طالب علم رہنماؤں سمیت پاکستان کے ممبر قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی اور ممبر سینٹ پاکستان و دیگر پارٹی کے عہدیداران و معزز اراکین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سینئر قیادت کی طرف سے کانفرنس کے دوران پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔اس کے علاوہ پاکستان میں مُہلک وبا کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اور اُس کے خاتمے کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حکمت عملی اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سندھ کی عوام کے فلاح و بہبود کو سراہا گیا۔پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے زیر اہتمام انٹر نیشنل کانفرنس میں اظہار خیال کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر اور انچارج اسٹڈی سرکل پاکستان پیپلز پارٹی پروفیسر این ڈی خان ،سینئر رہنما و ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر ،پیر مظہر الحق سابق صوبائی وزیر تعلیم سندھ ، سینیٹر یوسف بلوچ، عزیز میمن سابق چیئرمین لیبر بیورو پاکستان پیپلز پارٹی، اورنگزیب برکی سینئر رہنما و ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نور النِساء ملک سابق ممبر پنجاب اسمبلی و ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی پی پی خواتین ونگ پنجاب ، نرگس فیض ملک سیکرٹری جنرل پی پی پی خواتین ونگ پنجاب، میاں منیر ہانس صدر پی پی پی گلف ریجن ، سید زاہد عباس شاہ صدر پی پی پی جرمنی ،محسن باری صدر پی پی پی برطانیہ ، اظہر اقبال بڑالوی سیکرٹری جنرل پی پی پی برطانیہ ،علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی امور پی پی پی برطانیہ ،نعیم آرائیں سابق صدر پی پی پی جاپان ، سجاد نقوی سابق صدر پی پی پی جرمنی ،خالد رانا سیکرٹری جنرل پی پی پی گلف ، اسرار بٹ سیکرٹری جنرل پی پی پی لاہور ، سید فرید شاہ صدر پی پی پی ہمبرگ جرمنی ، صاحبزادہ ذوالفقار علی سابق مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر و ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی پی پی ، شکیل ایرانی ممبر سندھ کونسل، سابق وفاقی وزیر و جنرل سیکرٹری پی پی پی جہانگیر بدر مرحوم کے فرزند ارجمند ایڈووکیٹ علی ذوالفقار،سینئر رہنما پی پی پی سندھ کونسل جنید جنیدی، بلال شیخ ،ترجمان پی وائی او بلوچستان و انفارمیشن سیکرٹری سفر ندیم زہری، ہونہار طالب علم رہنما انچارج زرداری بوائزپی پی پی لاہور عاقب سرور کے علاوہ بے شمار دیگر پارٹی کار کنان ، ورکر ز اور جیالوں نے کانفرنس میں حصہ شرکت کی ۔کانفرنس کے اختتام پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس نے پاکستان کی خوشحالی ترقی و سلامتی ، موذی وبا کورونا وائرس کے خاتمے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شہید قائدین اور شُہداء کے بلندئ درجات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی جلد صحتیابی اور درازئ عمر کیلئے دُعا کی ۔ چار گھنٹے سے زائد کی کانفرنس جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سینئر ترین قائدین ،رہنماؤں اور عہدیداران نے کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جانباز متحرک نوجوان رہنما رضا خان کوخراج تحسین اور مبارکباد پیش کی اور پی پی پی سیکرٹری جنرل ریاض سعودی عرب عدیل رانا ، پی پی پی سیکرٹری جنرل گلف خالد رانا ، صدر پی پی پی برطانیہ محسن باری اور ممبر سندھ کونسل شکیل ایرانی کا بھی کانفرنس میں بھر پُور تعاون اوربہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین