لندن (مجتبیٰ علی شاہ )انٹرنیشنل پروفیشنلز کونسل برطانیہ نے پاکستان میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور حکومت کی طرف سے حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لندن میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کا اہتمام کیا ۔ کونسل کے چیئرمین امجد علی سید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان کے اندر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بہتر انتظامات نہیں کیے ، کوئی ایسا پلان مرتب نہیں کیا جس سے لوگوں کو اس خطرناک وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے کی تربیت دی جائے ۔ آج لوگوں کے اندر معلومات کے فقدان کی وجہ سے اس بیماری نے اپنا گھر بنا لیا ہے اور بڑی تعداد میں اموات واقع ہوئی ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے ۔ کونسل کے جنرل سیکرٹری راجہ اعجاز محمود نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان کو زیادہ سے زیادہ کورونا کٹس خریدنی چاہیے تاکہ زیادہ لوگوں کا چیک اپ کیا جائے اور معلومات حاصل کی جائیں کہ کتنے فیصد لوگوں کے اندر یہ وبا پائی جاتی ہے ۔ ڈاکٹر خالد محمود اور قانون دان عامر منظور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جب دنیا میں اس وبا نےپھیلنا شروع کیا تو پاکستانی حکومتوں کے پاس بہت موقع تھا کہ اس سے نمٹنے کے لیے کوئی حکمت عملی مرتب کی جائے لیکن حکومتی وزراء اور انتظامیہ کی سست روی اور عدم دلچسپی نے عوام کو بروقت آگاہی نہیں دی۔ کبھی لاک ڈاؤن،کبھی نرمی نے حالات کو یکدم خراب کیا اور اب پاکستان کی صورت حال سب کے سامنے ہے ۔ ہماری حکومت پاکستان سے گزارش ہے کہ لوگوں کے اندر آگاہی اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی جائیں تاکہ مزید اموات واقع نہ ہوں اور لوگوں کو اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ اوورسیزکمیونٹی اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے فکر مند ہیں، ہمیں پاکستان کے اندر ہونے والی اموات پر افسوس ہے۔