• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائیکل چلا کر 21ہزارپونڈ جمع کرنے والی بچی کا مہم جاری رکھنے کا اعلان

لندن (پی اے) ہارٹ فورڈ کے علاقے کوڈیکوٹ سے تعلق رکھنے والی ایک 5سالہ بچی بیٹی لیف ایلنسن نے، جس نے کورونا وائرس کے دوران روزانہ ایک میل سائیکل چلا کر 21,000 پونڈ کے عطیات جمع کئے تھے، اب اپنی عطیات جمع کرنے کی یہ مہم 100 دن تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بیٹی لیف ایلنسن عطیات جمع کرکے اس محتاج خانے کی مدد کرنا چاہتی ہے، جہاں اس کی نانی کام کرتی ہے۔سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکھم نے بیٹی لیف کی اس کوشش کی تعریف کرتے ہوئے اسے شاندار قرار دیا تھا۔ بیٹی لیف کا کہنا ہے کہ اتنی رقم جمع کرکے میں بہت خوشی محسوس کررہی ہوں لیکن اب میں کچھ تھکن محسوس کررہی ہوں۔ بیٹی لیف آرسنل کے سابق مڈفیلڈر یان ایلنسن کی پوتی ہے، اس نے اپریل میں فنڈ جمع کرنے کی مہم شروع کی تھی اور ڈزنی لینڈ جانے کیلئے 7 پونڈ بچالئے تھے۔ اس کی والدہ فے ایلنسن کا کہنا ہے کہ لوگوں کا ردعمل شاندار ہے۔ بیٹی کی جمع کردہ رقم گارڈن ہائوس ہوسپائیس کیئر کو دی جائے گی، جسے کورونا وائرس کی وجہ سے تقریبات منسوخ کئے جانے کے سبب کم وبیش 25,000 پونڈ فی ہفتہ نقصان ہو رہا ہے۔ اس کی والدہ نے بتایا کہ بیٹی کا یورو ڈزنی کا سفر منسوخ ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے وہ بہت غمگین تھی، پھر منفی صورت حال مثبت میں تبدیل ہوگئی، ہم نے کہا کہ چلو نینی کی مدد کریں، ہم نے اس مقصد کیلئے 500 پونڈ جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن اس میں اضافہ ہوتا گیا، ہمیں اتنے کی توقع نہیں تھی، پورے برطانیہ سے بیٹی لیف کو فٹبال شرٹس دی گئی ہیں اور اب وہ روزانہ ایک نئی شرٹ پہنتی ہے، یہ خیال اس نے اپنے دادا ایان سے حاصل کیا جو ان دنوں سینٹ البنز سٹی ایف سی کے منتظم ہیں اور اس کے والد لی ہنڈن ٹائون کے انچارج ہیں۔ مسز ایلنسن نے کہا کہ فٹبال کمیونٹی حیرت انگیز ہے، وہ دوسروں کی مدد کیلئے یکجا ہوجاتے ہیں اور اس کے دادا کو اس پر فخر ہے۔ بیٹی لیف اتوار کو 75 ویں دن عطیات جمع کرنے کیلئے نکلی اور اس کی ماں کا کہنا ہے کہ وہ 100 دن مکمل کرنا چاہتی ہے۔ اس کی والدہ نے کہا کہ مجھے اس کے بارے میں بہت فکر ہے لیکن وہ اسے ترک کرنے کو تیار نہیں ہے، وہ پہلے دن 5مرتبہ سائیکل سے گری، وہ روتی رہی، اس کا خون بہتا رہا لیکن اس کا کہنا تھا کہ وہ ایک میل کا ہدف پورا کرے گی۔ گارڈن ہائوس ہوسپائس کے بیتھ پاور کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اس کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں وہ انتہائی قابل تقلید ہے، اس کی جمع کردہ ایک ایک پینی مقامی لوگوں پر خرچ کی جائے گی، اس طرح یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ جو کچھ کر رہی ہے، اس کے اثرات ہمارے زیرنگرانی مقامی فیملیز کو پہنچیں گے۔
تازہ ترین