• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم 8 پرکام کا آغاز، منصوبہ ترجیح، تکمیل سے جنوبی بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، عاصم باجوہ

ایم 8 پرکام کا آغاز، منصوبہ ترجیح، تکمیل سے جنوبی بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، عاصم باجوہ


اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات ونشریات لیفٹیننٹ جنرل( ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت ایم 8؍موٹروے پر تعمیراتی کام صف اول کی ترجیح کے طور پر کریگی۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی پہلے ہی ایم8 موٹر وے کے 26 ارب کی لاگت کے 146کلومیٹر ہوشاب آواران حصے کی منظوری دے چکی ہے۔ ایم 8 موٹروے سکھر لاڑکانہ کو گوادر سے ملائے گی جو اس وقت زیر تعمیر ہے جبکہ گوادر اور ہوشاب 193 کلومیٹر حصے کی تعمیر کا افتتاح فروری 2016میں کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ صوبہ سندھ میں رتو ڈیرو سے شروع ہوتا ہے اور خضدار ، آواران، ہوشاب اور تربت سے ہوتا ہوا صوبہ بلوچستان میں داخل ہوتا ہے اور ساحلی شہر گوادر کے بالکل مشرق میں مکران کوسٹل ہائی وے میں شامل ہو جاتا ہے۔ ایم 8 موٹروے کا منصوبہ بلوچستان میں دریائے دشت اور میرانی ڈیم کے قریب سے بھی گزرے گا ۔ یہ منصوبہ 4 لین پر مشتمل اور 892کلومیٹر پر محیط ہو گا۔ ابتدا میں دو لین بنائی جائیں گی جبکہ پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد مذید دو لین تعمیر کی جائیں گی۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ یہ منصوبہ کیچ اور آواران کے دور افتادہ جنوبی پسماندہ اضلاع کے لئے مینارہ نور ثابت ہو گا اور علاقے کے عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دیگا۔

تازہ ترین