• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری برادران کی نیب اختیارات کیخلاف درخواستوں پرسماعت نہ ہو سکی

لاہور ہائیکورٹ میں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کی چیئرمین نیب کے اختیارات کے خلاف درخواستوں پرسماعت نہ ہو سکی، 2رکنی بنچ کے عدالتی تعطیلات پر ہونے کی بناء پر کیس کی لسٹ منسوخ کر دی گئی۔

گزشتہ سماعت پرتیسری بار قائم بنچ نے چوہدری برادران کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا، اس سےپہلےدو بنچوں کے ارکان جسٹس فاروق حیدر اورجسٹس اسجد جاوید گورال کے انکار پر دونوں بنچ تحلیل ہو گئے تھے۔

چوہدری برادران کا مؤقف ہے کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنےکا ادارہ ہے، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے دے چکی ہیں۔

ان کا موقف ہے کہ چیئرمین نیب نے19 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا،نیب نے 19 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر ناکام رہا۔

چوہدری برادران کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کو 19 سال پرانی اور بند کی جانےوالی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں، ان کا خاندان سیاسی ہے جسے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، استدعا ہے کہ نیب کا یہ اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ آفس بنچ کے دستیاب ہونے پر کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرے گا۔

تازہ ترین