• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین، لاک ڈاؤن میں خدمت گار پاکستانیوں کیلئے ایوارڈز


یورپ بھر میں کورونا لاک ڈاؤن کے بعد زندگی کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوئیں تو ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے منسوخ شدہ پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ بھی چل نکلا۔

الخدمت امرہ ایسوسی ایشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ پر والی بال اور کرکٹ کے کھلاڑیوں سمیت کورونا کی وجہ سے نافذ العمل لاک ڈاؤن میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنے والوں کے اعزاز میں ایوارڈز دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب  کی صدارت ایسوسی ایشن کے روح ورواں چوہدری عزیز امرہ نے کی۔ حافظ مدثر نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ نقابت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کئے۔

اس موقع پر پاکستانیوں کی تدفین کے حوالے سے امرہ تدفین کمیٹی کے ممبران کومقامی قوانین اور میتوں کو پاکستان بھجوانے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کثیر تعداد میں شریک تھے، پاکستان سے چوہدری پرویز اور چوہدری احمد خان تریڑوانوالہ خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کے لیے بارسلونا پہنچے۔ 

چوہدری احمد خان تریڑوانوالہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں نے یورپی ممالک میں رہنے والے اپنے ہم وطنوں کی کورونا لاک ڈاؤن جیسی مصیبت میں جس طرح مدد کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بارسلونا کا واحد قونصلیٹ آفس تھا جو لاک ڈاؤن میں بھی پاکستانیوں کی مدد کے لیے کھلا رہا اسی لیے ہسپانوی اور پاکستانی قومی اخبارات نے پاکستانی قونصلیٹ آفس بارسلونا کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور ہم بھی قونصل جنرل عمران علی چوہدری کی خدمات کو سراہتے ہیں۔

کورونا لاک ڈاؤن میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کرنے کے صلہ میں پاکستانیوں کے معززین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں شیلڈز تقسیم کی گئیں، الخدمت امرہ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عزیز احمد امرہ اور چوہدری سبط حسین نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے جو ضرورت مند اور مستحق بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے نہ صرف پاکستانیوں کی بلکہ ہسپانوی کمیونٹی کی مدد کر کے اچھی ہمسائیگی کا جو پیغام دیا ہے اُسے مقامی کمیونٹی اور اداروں نے سراہا ہے۔

شیلڈز لینے والوں میں چوہدری قمر اسلام، چوہدری بشارت، چوہدری شہزاد اکرم، میاں جاوید، چوہدری سبط حسین، اشرف مغل، حافظ عبدالرزاق صادق، چوہدری امتیاز آکیہ، چوہدری احمد خان و چوہدری پرویز تریڑوانوالہ، راجہ مختار سونی، محمد اقبال چوہدری، میاں وارث، یاسر عرفات گجر، رخسار چوہدری، شانی گجر، شاہد لطیف گجر، محمد اقبال گجر، چوہدری اسلم، ذوالقرنین شاہ، ناصر سہنا، ارشاد اُللہ بھٹی، چوہدری شکیب عمران،چوہدری نوید، چوہدری وجاہت، محمد خان خانی اور دوسرے پاکستانی معززین شامل تھے۔

تقریب کے تمام شرکاء کے لیے عشائیہ کا پرتکلف اہتمام بھی کیا گیا تھاکر۔

تازہ ترین