• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین لائن بسوں کا ٹیکنیکل ٹینڈر 27 جولائی کو کھولا جائیگا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں وفاقی حکومت کےترقیا تی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا،جس میں اراکین قومی اسمبلی نجیب ہارون،آفتاب صدیقی اور اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ،خرم شیر زمان نے شرکت کی۔ جبکہ سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین ثمر علی خان ،ایس آئی ڈی سی ایل کے بورڈ ممبر عدنان اصدر ،محمود مولوی ،اشرف قریشی اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں گرین لائن ،بلدیہ عظمی کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز ،کے فور منصوبہ ،شہر کی مختلف شاہراہوں کی تعمیر ،جناح ایونیو پر پل کی تعمیر اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ کراچی کے لئے بڑے منصوبوں پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ ان کی پری فزیبلٹی منظوری دی گئی۔گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ گرین لائن کی بسوں کا ٹیکنیکل ٹینڈر 27 جولائی کو کھولا جائے گا جبکہ گرین لائن کے آئی آئی ٹی ایس کا ٹیکنیکل ٹینڈر 29 جولائی کو ہوگا، اجلاس میں تعمیر شدہ فلائی اورز کو معروف شخصیات کے نام سے منسوب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ بلدیہ عظمی کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز کی پہلی پروٹوٹائپ انسپیکشن جولائی کے اختتام تک ہوگی جبکہ بلدیہ عظمی کراچی ،ایس آئی ڈی دی ایل اور تھرڈ پارٹی معائنہ کاروں کا مشترکہ وفد فائر ٹینڈرز کی تیاری کا جائزہ لینے کے لئے جلد چین کا دورہ کرے گا۔ گورنر سندھ نے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے ساتھ ساتھ شہر کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق نئے منصوبے بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سے خصوصاً شہر قائد میں سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ وفاقی حکومت صوبہ کی ترقیاتی ضروریات سے واقف ہے اور اس کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گرین لائن کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔

تازہ ترین