• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے ساتھ زیادتی پی ٹی آئی حکومت کر رہی ہے، امتیاز شیخ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو جو سرمایہ کاری کرنی تھی وہ نہیں کی گئی ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس دے کر اس کا لائسنس معطل کیا جائے ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو سندھ حکومت کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور کردار ادا کرے گی ، پیر کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی کا دھرنا وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت اداروں کو نہیں چلا سکتی تو بتا دے سندھ حکومت کے الیکٹرک حیسکو اور سیپکو کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے تیار ہے ۔کراچی کے لوگوں کے ساتھ زیادتی پی ٹی آئی حکومت کر رہی ہے پی ٹی آئی کا کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا اعتراف ہے کہ وزیراعظم نااہل ہیں وفاقی حکومت نے پہلے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافہ کیا جس سے کراچی کے عوام پر ایک سو آٹھ ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا وزیراعلیٰ سندھ نے سخت نوٹس لیا ہے ہم کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو سندھ حکومت کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور کردار ادا کرے گی۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف عوامی سماعت میں ہم بھی سندھ حکومت کی جانب سے پیش ہونگے ۔

تازہ ترین