• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے بعدنئے قوانین، کرکٹرز پرانی عادتیں چھوڑ کر نئے طریقے اپنانے کیلئے کوشاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ووسٹر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پریکٹس میچ میں ٹیم انتظامیہ کوشش کررہی ہے کہ کورونا وبا کے بعد آئی سی سی کے نئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ کھلاڑی پرانی عادتیں چھوڑکر نئے طریقے اپنانے کی مشق کررہے ہیں تاکہ ٹیسٹ میچ میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ بولر کیپ اور سوئیٹر امپائر کو دینے کے بجائے بائونڈری لائن پر رکھ کر آتے ہیں۔ تھوک کے استعمال پر سختی سے پابندی ہے اس لئے بولر اپنا پسینہ استعمال کررہے ہیں۔ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے ٹھنڈے موسم میں ہوا چل رہی ہے اور گیند کو اپنی مرضی سے گھمانے میں مدد ملتی ہے۔ تین ماہ بعد ووسٹر میں پریکٹس میچ ملا جو کہ بہت اچھا لگا ۔ ڈیوک بال کی وجہ سے بھی سوئنگ مل رہی ہے۔ آہستہ آہستہ کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی پریکٹس ہو رہی ہے۔ پریکٹس میچ میں سیکھنے کو مل رہا ہے کہ کیسے نئی پلے انگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہے ۔ سویٹر ، کیپ اور گلاسز امپائرز کو نہ پکڑانے کی پریکٹس کر رہے ہیں ۔ موسم کی وجہ سے فیلڈرز کو پسینہ نہیں آتا۔ بولرز کو ہی پسینے سے گیند چمکانا ہوتی ہے ۔ بہت کوشش کرتے ہیں کہ بال کو تھوک سے نہ چمکائیں۔ پسینے کے ساتھ بال شائن ہوتا رہا اچھا رہا ۔ نسیم شاہ نے کہا کہ پہلی بار انگلینڈ آیا ہوں یہاں بولنگ کرنے کا آئیڈیا ہورہا ہے۔ اس سے قبل تین سیریز کوکابرا سے کھیلا تھا۔ ڈیوک گیند فرینڈلی ہوتا ہے۔ کوکا برا خراب جلدی ہوجاتا ہے اور شائن بھی نہیں ہوتا۔ دریں اثنا پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شروع ہوگا۔ اولڈ ٹریفورڈ سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی بھی میزبانی کرے گا جبکہ سائوتھمپٹن میں پاکستانی ٹیم پہلی بار دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پیر کو انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے مانچسٹر، دوسرا ٹیسٹ 13 اگست اور تیسرا 21 اگست سے سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 میچز مانچسٹر میں 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان سے قبل آئرلینڈ سے تین ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کیلئے اس وقت ووسٹر میں موجود ہے۔ ٹیم تیرہ جولائی کو ڈربی روانہ ہوجائے گی۔ جہاں دو انٹر اسکواڈ چار روزہ وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔ تینوں ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوں گے۔ پہلا اور آخری ٹی ٹوئنٹی پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے جبکہ دوسرا میچ ساڑھے چھ بجے شام کو شروع ہوگا۔ 

تازہ ترین