• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا اموات اور کیسز میں کمی ہونے لگی، ڈاکٹر ظفر مرزا کا ٹیسٹ پازیٹو

کورونا، ڈاکٹر ظفر مرزا کا ٹیسٹ پازیٹو


کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات اور کیسز میں کمی ہونے لگی، آج وائرس مزید 73؍ زندگیاں نگل گیا، جبکہ 2629؍ کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد 233646 ؍ تک پہنچ گئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے رکن اقبال محمد علی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 73 ؍افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4818 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 233646تک پہنچ گئی۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک کل 1420623؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 131649 ؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پیرکو ملک بھر سے کورونا کے مزید 2629 کیسز اور 73 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 1708 کیسز اور 46 اموات، پنجاب سے 646 کیسز 13 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 120 کیسز 10 اموات، اسلام آباد 85 کیسز تین ہلاکتیں، آزاد کشمیر 54 کیسز ایک ہلاکت اور گلگت سے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں پیر کو کورونا سے مزید 46 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1572 ہوگئی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1708 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 96236 تک جاپہنچی ہے۔ آج مزید 679 مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 53855 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین