• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرشکیل الرحمٰن کی سالوں پرانے معاملے پر گرفتاری غیر منصفانہ ہے، حیدرامام رضوی

سندھ ہائیکورٹ بار کونسل نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں 34 سال پرانے معاملے پر گرفتاری کو غیر منصفانہ قرار دے دیا ہے ۔

وائس چیئر مین سندھ بار کونسل حیدر امام رضوی نے اپنے ایک بیان میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کرنے کے اقدامات سے میڈیا کو دبانا قابل مذمت ہے، میر شکیل الرحمٰن کی 34 سال پرانے کیس میں گرفتاری غیر منصافانہ ہے۔

حیدر امام رضوی نے ہے کہا کہ پریس کی آزادی اور معلومات تک رسائی کا آئین پاکستان حق دیتا ہے، نیب کی جانب سے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے سے متعلق رپورٹ میں 180 ممالک میں پاکستان کا 139 واں نمبر ہے ۔

حیدر امام رضوی کا چینل 24 کے لائسنس کی معطلی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیمرا کی جانب سے بغیر موقف سنے لائسنس معطل کرنا قانون کے منافی ہے۔

وائس چیئر مین سندھ بار کونسل حیدر امام رضوی اور چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی شفقت رحیم راجپوت کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں پیمرا کی جانب سے چینل 24 کے لائسنس کی معطلی پر مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیب اور پیمرا کے اقدامات اظہار آزادی کے خلاف ہیں۔

تازہ ترین