مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہر معاملے میں ٹانگ اڑانا اپنی ڈیوٹی سمجھتے ہیں، ان کی مثال تو ’کون میں خوا مخواہ‘ والی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہبازشریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو قومی ایشوز پر خط لکھا ، پریشانی فیاض چوہان کو ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن سے اپنی وزارتیں چلائی نہیں جارہیں وہ شہبازشریف پر تنقید کرکے اپنی کارکردگی رپورٹس ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کاکہنا تھا کہ تنقید برائے تنقید کی سیاست سے کارکردگی رپورٹیں کبھی درست نہیں آسکتی، جن کے رپورٹیں پہلے دن سے ہی خراب آرہی ہیں وہ اب کیسے ٹھیک ہو سکتی ہیں۔
نون لیگی رہنما نے کہا کہ حکومتی ترجمانوں میں چمچہ گیری اورچاپلوسی میں آگے بڑھنے کی ریس لگی ہے۔