• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی میں بتدریج کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے، اجمل وزیر


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشنز کا اجراء کیا جبکہ صوبہ میں بتدریج کورونا کیسسز میں کمی آرہی ہے۔

پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ کے دورے کے موقع پر بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ اپریل سے لے کر اب تک 162 مختلف پروازوں سے 24 ہزار 785 مسافر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پاکستان آئے جبکہ بیرون ملک انتقال کرنےوالے 64 پاکستانیوں کے جسد خاکی واپس لائے گئے ہیں، ائیرپورٹ پر مسافروں کو چیک کرنے کے لیے 13 ڈاکٹرز سمیت 32 افراد پر مشتمل طبی عملہ تعینات ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ اپریل سے لے کر اب تک 48 ہزار 190 افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے۔ ان میں عملہ اور مسافر دونوں شامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 200 اسپتال کورونا کے لیے مختص کئے گئے ہیں جہاں پر تمام تر طبی عملے کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے، شرح اموات کا تناسب 5.2 فیصد سے کم ہو کر 3.6 ہو گیا ہے، اسی طرح صوبہ میں روزانہ ہونے والے ٹیسٹس میں مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد ہو گئی ہے، اب تک 1 لاکھ 54 ہزار 278 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ صوبہ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، 244 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے، ان علاقوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 754 ہے۔

تازہ ترین