• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس اداروں کا حکومت کی جانب سے 1.57بلین پونڈ امداد کاخیرمقدم

لندن (پی اے) برطانیہ میں آرٹس سے متعلق اداروں اور اکیڈیمیز نے حکومت کی جانب سے برطانوی تھیٹرز،گیلریز، میوزیمز اور دوسرے ثقافتی اداروں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے 1.57بلین پونڈ امداد کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیر ثقافت اولیور ڈائوڈین نے بی بی سی کو بتایا کہ نئی گرانٹس اورقرضوں کی فراہمی کا مقصد برطانیہ کے آرٹ سیکٹر میں چھپے تاج کے ہیروں کومحفوظ بنانا ہے۔امداد کی فراہمی کایہ فیصلہ کئی ہفتے کے دبائو کے بعد کیاگیا کیونکہ اس انڈسٹری کے قائدین نے متنبہ کیاتھا کہ بہت سے ادارے دیوالیہ کے قریب پہنچ چکے ہیں ،سینما، قدیم ورثہ سے تعلق رکھنے والی عمارتیں، موسیقی کے ادارے بھی اس امداد کے حصول کے اہل ہوں گے ،توقع ہے کہ حکومت پرفارمنگ آرٹس کی مرحلہ وار واپسی ،بند دروازوں کے پیچھے ریہرسلز وغیرہ کے بارے میں جلد ہی گائیڈنس شائع کرے گی۔ڈائوڈن نے یہ بتایا کہ یہ پیکیج اپنی نوعیت کابالکل نیا ہے اور اس کے دو مقاصد ہیں اول رائل البرٹ ہال اور نیشنل گیلریز جیسے تاج کے ہیروں کو محفوظ بنانا اوردوئم پورے برطانیہ میں مقامی اداروں کی مدد کرناہے۔انھوں نے کہا کہ انڈسٹری کے اداروں کے ذریعےگرانٹس اور قرضوں کیلئے درخواست دینے والوں کو یہ ثابت کرناہوگا کہ وہ وسیع تر اقتصادی ترقی میں کس طرح کردار ادا کریں گے۔این آئی کو برطانیہ کے آرٹس سپورٹ پیکیج سے 33ملین پونڈ ملیں گے، ویلز کیلئے آرٹس سپورٹ کیلئے دی جانے والی 59 ملین پونڈ کی امداد سے ملازمتوں کو تحفظ ملے گا۔بہت سے تھیٹرز نے کورونا کی بندش کے سبب حالیہ ہفتوں کے دوران اپنے عملے میں کمی کرنے کااعلان کیاتھا۔پلائی مائوتھ کے تھیٹر رائل کے چیف ایگزیکٹو ایڈرین ونکن نے بی بی سی کو بتایا کہ جب تک مزید تفصیلات سامنے نہیں آتیں یہ کہنامشکل ہے کہ اس امداد سے 100 افراد کی ملازمتیں بچائی جاسکیں گی۔انگلینڈ میں ثقافتی اداروں کیلئے 1.15 بلین پونڈ کے امدادی پیکیج میں 880ملین پونڈ کی گرانٹس اور270ملین پونڈ کے قابل واپسی قرضے شامل ہیں۔حکومت کاکہناہے کہ قرضے فراخدلانہ شرائط پر جاری کئے جائیں گے ،فنڈ بااختیار انتظامیہ کو بھی جائیں گے اس میں سے شمالی آئرلینڈ کو 33ملین پونڈاسکاٹ لینڈ کو 97ملین پونڈاور ویلز کو 59ملین پونڈ دئے جائیں گے۔انگلینڈکے قومی ثقافتی اداروں اورانگلینڈکے ہیریٹیج ٹرسٹ کو100ملین پونڈ دئے جائیں گے جبکہ 120ملین پونڈ ثقافتی انفرااسٹرکچر کی تعمیر شروع کرنے اور انگلینڈ کے ہیریٹیج کے پراجیکٹس کی تعمیر پر جو کہ وبا کی وجہ سے رکی ہوئی تھی خرچ کئے جائیں گے۔ حکومت کاکہناہے کہ کسے فنڈز ملیں گے اس کافیصلہ اس سیکٹر کے غیر جانبدار ماہرین اور عمائدین کریں گے۔وزیر اعظم بورس جانسن کاکہناہے کہ اس رقم سے مستقبل کی نسل کیلئے اس سیکٹرکو محفوظ کرنے اور برطانیہ میں آرٹس گروپوں اور اداروں کو ترقی کرنے اور پھلنے پھولنےمیں مدد ملے گی۔ حکومت نے اس پیکیج کو برطانیہ میں اس شعبے کیلئے سب سے بڑاامدادی پیکیج قرار دیاہے۔دارالعوام کی کلچرل سیلکٹ کمیٹی کی کنزرویٹو چیئرمین جولین نائٹ نے کہا ہے کہ ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے انھوں نے کہا کہ یہ رقم قابل ستائش ہے اس سے بہت سوں کو عارضی طورپر ہی سہی خطرناک زون سے نکلنے کاموقع ملے گا ،لیکن طویل المیعاد بنیاد پر تحفظ کیلئے خاص اس سیکٹر کیلئے ڈیل کی ضرورت ہے جس میں ٹیکسوں سے فراخدلانہ استثنیٰ شامل ہے،لیبر پارٹی کی شیڈو وزیر ثقافت جو اسٹیونز نے کہاکہ وہ اس کا خیرمقدم کرتی ہیں لیکن یہ رقم بہت کم ہے اور بہت سوں کیلئے اب بہت تاخیر ہوچکی ہے انھوں نے حکومت پر زور دیاکہ اپنی بقاکی جدوجہد میں مصروف اداروں کی مدد کیلئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین