• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت سنگھ کی آخری فلم دل بیچارہ کا ڈائیلاگ مداحوں میں مقبول

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارا‘ کے ٹریلر میں شامل اُن کا ایک ڈائیلاگ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔زندگی سے مایوس اور ڈپریشن کا شکار افراد کیلئے امید اور اچھا وقت آنے کے یقین پر مبنی ڈائیلاگ کو سوشل میڈیا پر خوب شیئر کیا جارہا ہے۔ٹریلر میں شامل وائرل ہونے والا اُن کا ڈائیلاگ ’جنم کب لینا ہے اور کب مرنا ہے اس کا فیصلہ ہم نہیں کر سکتے، لیکن جینا کیسے ہے اس کا فیصلہ ہم کر سکتے ہیں‘ مداحوں میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے جس پر وہ اپنے انداز میں تبصرے کرتے ہوئے اداکار کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ مذکورہ ڈائیلاگ سشانت سنگھ کی آواز میں انہیں ہمیشہ یاد رہے گا۔ایک صارف نے ڈائیلاگ لکھتے ہوئے کہا کہ ٹریلر میں شامل یہ بات بہت خوبصورت اور دل کو چُھو لینے والی ہے، سشانت ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ایک مداح نے لکھا کہ ویسے تو ٹریلر میں شامل دیگر ڈائیلاگز بھی کمال ہیں لیکن مذکورہ ڈائیلاگ نے انہیں جذباتی کردیا۔واضح رہے کہ سشانت سنگھ کی اس فلم کا دنیا بھر میں موجود اُن کے چاہنے والوں کو بے صبری سے انتظار تھا تاہم ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تہلکہ مچا دیا۔ دل بیچارہ کا ٹریلر ناصرف بھارت بلکہ پاکستان کے بھی ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈز میں موجود رہا۔سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم دل بے چارہ ہولی وڈ فلم ’دی فالٹ ان آر اسٹار‘ کا ہندی ریمیک ہے، اس فلم میں سشانت کے ہمراہ سنجنا سانگھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، سنجنا نے اس فلم کے ساتھ بولی وڈ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ 24 جولائی کو ڈزنی پلس اور ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہوگی، یہ فلم اس سے قبل مئی میں ریلیز ہونے جا رہی تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاون کے باعث ایسا نہیں ہوسکا۔

تازہ ترین