• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا مریضوں میں کمی جاری، ایک دن میں 70 اموات، ایکٹیو کیسز 94713، 2306 کی حالت نازک

کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں کمی جاری ہے، اس وقت ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 94713؍ ہے، جس میں سے 2306؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، منگل کو ملک میں کورونا سے مزید 70 افراد جاں بحق ہوگئے جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4888 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 236422 تک پہنچ گئی۔ 

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک کل 1445153؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 134957؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

منگل کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 2776 کیسز اور 70 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 1390 کیسز اور 42 اموات، پنجاب سے 706 کیسز 15 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 445 کیسز اور 7 اموات، بلوچستان 105 کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 63 کیسز 3 ہلاکتیں، آزاد کشمیر 41 کیسز اور گلگت بلتستان سے 26 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔ 

سندھ میں منگل کو کورونا سے مزید 42 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1614 ہوگئی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1390 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 97626 تک جاپہنچی ہے۔

منگل کو پنجاب میں کورونا کے 706 کیسز اور 15 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کےمطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 82669 اور ہلاکتیں 1899ہوچکی ہیں۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے 47087 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان سے منگل کو کورونا کے 105 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 10919 اور ہلاکتیں 124 ہوگئی ہیں۔ 

بلوچستان میں اب تک کورونا سے 6432 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ منگل کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مزید 7 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 1045 ہوگئی۔

تازہ ترین