• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی، مذمت کرتے ہیں، سندھ بار کونسل

میر شکیل کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی، مذمت کرتے ہیں، سندھ بار کونسل 


کراچی(جنگ نیوز) سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین سید حیدر امام رضوی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی شفقت رحیم راجپوت نے میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کوبدنیتی پرمبنی قرار دیتے ہوئے کہاکہ گرفتاری غیر منصفانہ ہے، نیب کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا۔ 

گزشتہ روز سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان کوگرفتارکرنے کے اقدامات سے میڈیا کو دبانا قابل مذمت ہے۔

میرشکیل الرحمان کی 34سال پرانے معاملے میں گرفتاری غیرمنصفانہ ہے، پیمرا کی جانب سے چینل 24 کے لائسنس کی معطلی کی بھی مذمت کرتے ہیں،بغیر موقف سُنے لائسنس معطل کرنا قانون کے منافی ہے۔ 

نیب اورپیمرا کے اقدامات اظہارآزادی کے خلاف ہیں، پریس کی آزادی اورمعلومات تک رسائی کا حق آئین پاکستان دیتا ہے، ماضی میں بھی میڈیا کو دباؤ میں لانے کے لیے اقدامات کیے گئے، آزادی اظہار رائے سے متعلق رپورٹ میں پاکستان کا 139واں نمبر ہے۔

علاوہ ازیں بہاولپورسے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار اکرم بلوچ نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری آزادی صحافت پر قدغن ہے۔ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی پاکستان بار کونسل نے مذمت کی ہے جس کی ہم بھی بھرپور تائید کرتے ہیں۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو تین ماہ سے زائد قید کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں فوری رہاکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے کسی ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے عدلیہ کی ازادی انتہائی ضروری ہے اسی طرح آزاد میڈیا بھی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا ضامن ہے، میڈیا کو دبا کر حالات کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔

تازہ ترین