• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، چینل 24کی بندش کا پیمرا اقدام معطل ،آج جواب طلب

لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے نجی ٹی وی چینل 24نیوز کا لائسنس بحال کرنے کا عبوری حکم دیدیا۔عدالت نے پیمرا کی جانب سے نجی ٹی وی کی بندش کا اقدام معطل کردیا اوروفاقی حکومت ،پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج بدھ کو جواب طلب کرلیا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست پر نجی ٹی وی چینل کا لائسنس بحال کیا۔ دوران سماعت عدالت نے پیمرا کی حکم امتناعی جاری نہ کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پیمرا کا حکم نامہ معطل کردیا۔عدالت نے قرار دیا کہ اس درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے گی۔درخواست گزار نے پیمرا کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت اور پیمرا کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ پیمرا نے موقف سنے بغیر لائسنس معطل کیا جو غیر قانونی اقدام اور اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف ہے،عدالت سے استدعا ہے وہ نجی ٹی وی چینل کا لائسنس بحال کرنے کا حکم دے۔دوران سماعت پیمرا کے وکیل نے درخواست کی بھرپور مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں ناقابل سماعت ہے۔ پیمرا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نجی ٹی وی کیخلاف ساری کارروائی اسلام آباد میں ہوئی ہے، اس لئے درخواست گزارکو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔عدالت نے ابتدائی سماعت پر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پیمرا کا حکم نامہ معطل کر کے وفاقی حکومت اور پیمرا کو آج بدھ کیلئے نوٹس جاری کردئیے۔
تازہ ترین