• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر متحدہ اپوزیشن ایڑھیاں رگڑ لے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی: فیاض الحسن چوہان


وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ غیر متحدہ اپوزیشن جتنی ایڑھیاں رگڑ لے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی صفوں میں پھوٹ اور ایک دوسرے پر بے اعتباری سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ایک دفعہ پھر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے ذریعے متحدہ اپوزیشن اور عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کرنے جا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن ایسے سیاسی پیراسائٹ ہیں جو اپنے مہربان کا خون چوس کر چھوڑ دیتے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن تھالی کے بینگن کے مصداق کبھی ایک کبھی دوسری پارٹی کی جانب لڑھک جاتے ہیں، مولانا شاید یہ حقیقت ماننے کو تیار نہیں کہ انکا سیاسی کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ چکا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ دو سال سے مولانا ہر پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت کو ناکام ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، لیکن مولانا فضل الرحمن کو ہر اے پی سی میں جگ ہنسائی اور رسوائی ہی ملی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئی اور عوام کے اعتماد پر قائم ہے، نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی صفوں میں پھوٹ اور ایک دوسرے پر بے اعتباری سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

تازہ ترین