• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شوگر ملز کی اپیل کی سماعت کل ہوگی


اسلام آباد ہائی کورٹ میں چینی انکوائری کمیشن پر عملدرآمد رکوانے کیلئے دائر شوگر ملز کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے کاز لسٹ جاری کردی۔

جسٹس عامرفاروق اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ کل سماعت کرےگا۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے سنگل بنچ کے فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے۔

دریں اثناء شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ سے انڈسٹری کو بدنام کیا جا رہا ہے، ایسوسی ایشن نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی کوئی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں، انکوائری رپورٹ مخصوص شوگر ملز کی تضحیک اور شہرت خراب کرنے کیلئے ہے۔

اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ سنگل بنچ کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ 20 جون کے انکوائری جاری رکھنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ تمام اداروں کو اس رپورٹ کی روشنی میں کارروائی سے بھی روکا جائے اور شوگر انکوائری کمیشن بنانے کے نوٹیفکیشن اور انکوائری رپورٹ کو کالعدم قرار دیا جائے۔

تازہ ترین