• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پبلک سروس کمیشن، تحریری امتحان میں کامیاب نرسز کے انٹرویو نہ ہوسکے

کراچی (بابرعلی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ میں کورونا کی وبا، نرسوں کی قلت اور محکمہ صحت کی مسلسل درخواستوں کے باوجود سندھ پبلک سروس کمیشن نے تحریری امتحان میں کامیاب نرسز کے انٹرویو کا سلسلہ شروع نہیں کیا جس کے باعث نرسز کو بھرتی نہیں کیا جاسکا اور چودہ روز سے نرسز احتجاج پر ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے25 جون کو سندھ پبلک سروس کمیشن کے سیکریٹری کوارجنٹ میل سروس کے ذریعے انتہائی ضروری اور مسلسل چوتھی یاد دہانی کرائی گئی ۔ مکتوب میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس سے قبل محکمہ نے 16جون 2020 ، 18 مارچ 2020، 30 اپریل 2019 اور 10دسمبر 2018 کو یاد دہانی کرائی تھی جس کا تسلسل یہ مکتوب ہے کہ کمیشن نے اسٹاف نرسز کے تحریری امتحانان کرائے تھے جن کے نتائج 6 فروری 2020 کو آگئے لیکن تاحال ان کے انٹرویو نہیں کیے گئے ۔ مکتوب میں کہا گیا کہ محکمہ نے کورونا وبا کے باعث ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے اور اپنے نئے ایچ ڈی یوز اور آئی سی یوز کو چلانے کےلئے اسے نرسوں کی شدید ضرورت ہے لیکن محکمہ میں نرسوں کی شدید قلت ہے۔ اس لئے آپ سے درخواست کی جاتی ہے کہ مذید وقت کے ضیاع کے بغیر فی الفور نرسوں کے انٹرویو کیے جائیں۔

تازہ ترین