• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت سنگھ خودکشی، سلمان خان و دیگر کیخلاف دائر درخواست خارج

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)مظفر پور سی جے ایم عدالت نے فلم اداکار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں دائر درخواست خارج کردی ہے ۔ عدالت نے اس کیس کو اپنے دائرہ اختیار سے باہر بتاتے ہوئے درخواست کو منظور کرنے سے انکار کردیا ۔ یاد رہے کہ ایڈوکیٹ سدھیر اوجھا نے فلم اداکار سلمان خان ، کرن جوہر ، ایکتا کپور سمیت 12 فلمی شخصیات کے خلاف اس کیس میں درخواست دائر کی تھی ۔ اس کے تحت وکیل نے عدالت سے تحقیقات کر کے کیس درج کرنے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ درخواست گزار نے کہا کہ وہ اس کیس میں عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کریں گے ۔درخواست گزار نے فلم اداکارہ کنگنا رناوت اور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے والد کے بیانات کو بنیاد بناکر عدالت میں درخواست دائر کی تھی ۔ اسی کیس میں فلم ساز مہیش بھٹ ، مکیش بھٹ ، اداکارہ کرتی سینن اور ریا چکروتی کو نامزد کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا ۔ عدالت نے بحث کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران اس کیس میں سلمان خان کے وکیل بھی عدالت پہنچے تھے ، لیکن عدالت نے اس کیس میں کہا کہ ابھی اس پر کارروائی آگے نہیں بڑھی ہے ، اس لئے ابھی انہیں اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔گزشتہ ماہ 12 جون کو سلمان خان ، سنجے لیلا بھنسالی ، آدتیہ چوپڑا ، کرن جوہر ، ساجد ناڈیاڈوالا ، ایکتا کپور ، بھوشن کمار اور دنیش وجین کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی ۔ اس کے بعد انہوں نے 23 جون کو مہیش بھٹ سمیت چار کو ملزم بنانے کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی تھی ۔بتا دیں کہ حاجی پور سول کورٹ میں بھی گزشتہ بدھ کو بولی وڈ اداکار سلمان خان ، کرن جوہر ، ایکتا کپور ، سنجے لیلا بھنسالی ، آدتیہ چوپڑا ، ساجد ناڈیاڈ والا ، بھوشن کمار ، دنیش وجین کے خلاف اداکار سشانت سنگھ خودکشی کیس میں شکایت داخل کی گئی ہے ۔ مقامی بی جے پی لیڈر ڈاکٹر اجیت کمار سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی نہیں بلکہ اس کو سازش کے تحت خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

تازہ ترین