• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک میں پاکستانی تنظیم کی شاندار امدادی سرگرمیاں

نیویارک (عظیم ایم میاں)کورونا وائرس کی وبا کے دوران نیویارک میں پاکستانی تنظیم کی شاندار امدادی سرگرمیاں،نیویارک میں ”کورونا“ کے شدید پھیلاؤ اور مکمل لاک ڈاؤن کے تین ماہ کے دوران رضا کارانہ طور پر 92ہزار تازہ حلال کھانے تیار کرکے ضرورتمندوں کو پہنچانے کی خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کا اعتراف اور اُنہیں ایوارڈ دینے کی ایک تقریب نیویارک کے علاقے بروکلین میں منعقد ہوئی جہاں اکثریتی آبادی پاکستانی کمیونٹی پر مشتمل ہے۔ پاکستان امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS) اور خیبر سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں تازہ حلال کھانوں کی تقسیم کے علاوہ کورونا کیلئے ٹیسٹنگ کیلئے بھی کیمپ لگایا تھا۔ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کاشف حسین نے امریکی نظام سے وابستہ اِن عوامی منتخب نمائندوں کا تعارف کرایا جبکہ کانگریس وویمن یوٹ کلارک بارو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز، پبلک ایڈووکیٹ جمانی اور دیگر نمائندوں نے اِن پاکستانی امریکن نوجوانوں اور رضا کاروں کی خدمات کو سراہا اور ایوارڈ پانے والوں کو مبارکباد بھی دی۔ رضا کارانہ خدمت انجام دینے اور ایوارڈ پانے والے رضا کاروں نے بھی امریکی مہمانوں کی آمد اور شرکت کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی رکن کانگریس یوٹ کلارک نے ”جنگ و جیو“ سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ اب پاکستانی، امریکن کمیونٹی کی نئی نوجوان نسل آگے آکر امریکی معاشرے اور نظام کا مفید حصہ بن رہی ہے۔ اُنہوں نے نوجوان پاکستانی امریکن کونسل کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ یہ خوشگوار تبدیلی ہے۔ یوٹ کلارک کے انتخابی حلقے میں پاکستانیوں کی بہت بڑی آبادی، دُکانیں اور کاروباری دفاتر موجود ہیں، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی شریک تھے۔ دوسری طرف پاکستان امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS) کی صدر اسرا راشد نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ ہمارے رضا کاروں کی خدمات کو سراہا گیا۔ ہم نے 90 روز تک انتھک محنت کی اور 92 ہزار لوگوں کو کھانا فراہم کیا۔عوام اور آفیشلز کی بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت ہماری حوصلہ افزائی کا سبب بنی ہے۔ آج بھی ہم اس پُر وقار تقریب میں عوام کو کھانا فراہم کررہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بطور صدر میں اُن تمام لوگوں کی مشکور ہوں جنہوں نے ہماری تنظیم کے ساتھ تعاون کیا۔
تازہ ترین