• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی مہنگی اور سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ ظالمانہ ہے، ارباب فاروق

پشاور (نیوز ڈیسک) بجلی 14 فیصد مہنگی کرنے اور سبسڈی ختم کرنے کا حکومتی فیصلہ ظالمانہ ہے‘ کورونا وباء اور مہنگائی میں جکڑے عوام پر جو بجلی بم گرایا ہے اس سے عوام براہ راست متاثر ہوں گے‘ موجودہ دور حکومت میں مہنگائی میں جس رفتار سے اضافہ ہوا ہے ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی‘ پٹرول‘ آٹا اور چینی بحران میں حکومت کے اپنے لوگ ملوث ہیں اس لئے ان کے خلاف کسی کارروائی کا کوئی امکان نہیں‘ وزیراعظم صرف زبانی ہدایات پر اکتفا کر رہے ہیں عملی اقدامات کہیں بھی نظر نہیں آ رہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما ارباب محمد فاروق جان نے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف کے فیصلے قوم پر مسلط کر کے اپنے منشور کو پس پشت ڈال دیا ہے‘ سلیکٹڈ حکمران عوام کی مشکلات سے نظریں چرا کر آمرانہ فیصلوں پر اتر آئی ہے نئے پاکستان کے سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو اشیائے خورد و نوش سے بھی محروم کر دیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک و قوم کے بہتر مفاد کیلئے اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کیا جائے ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے‘ اس سے بہتری کی کوئی امید نہیں‘ مائنس ون‘ ٹو‘ تھری فارمولا قبول نہیں اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے پوری حکومت کو گھر جانا ہو گا۔ ارباب فاروق جان نے مزید کہا کہ ایمل ولی کا مولانا فضل الرحمن کے خلاف بیان اپوزیشن کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے‘ قائد جمعیت نے ہمیشہ صاف ستھری اور اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے ان کی سیاست کا محور صرف ملک و قوم کا مفاد ہے‘ ایسے بیانات ان کے سیاسی قد کاٹھ کو کم نہیں کر سکتے۔
تازہ ترین