• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی مسائل حل کریں، وزیر اعظم نے کراچی بجلی بحران کا نوٹس لے لیا، گورنر سندھ، وزیر منصوبہ بندی اور معاون خصوصی کو معاملات سلجھانے کا حکم

 وزیر اعظم نے کراچی بجلی بحران کا نوٹس لے لیا


اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بجلی بحران کا نوٹس لے لیا‘ عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں صوبہ سندھ کی صورتحال اور خصوصاً کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کورونا کے حوالہ سے وزیراعظم کے وژن اور کامیاب حکمت عملی کو سراہا۔ ملاقات میں کے الیکٹرک کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ 

کے الیکٹرک سے متعلقہ معاملات کے حل کےلئے وزیراعظم نے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی شہزاد قاسم اور گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے جلد ملاقات کی جائے تاکہ عوامی مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے‘ اس موقع پر وزیراعظم کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی میں پارٹی ڈسپلن پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا ۔ 

دریں اثناءعمران خان نے قوم سے عیدالاضحی سادگی سے منانے کی اپیل اورایس او پیز پر عملدرآمد پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ عید الاضحی پر لاپرواہی برتی تو وائرس تیزی سے پھیلے گا‘ ہم ان ممالک میں شامل ہیں جہاں کورونا کی وبا کی شدت کم ہورہی ہے، اگر ہم احتیاط کریں گے تو دنیا کے مقابلہ میں اس مشکل صورتحال میں بہتر انداز سے نکلیں گے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں آئسولیشن اسپتال اور وبائی امراض کے علاج کے جدید مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔عمران خان نے کہاکہ مشکل صورتحال کے باوجود قلیل مدت میں جدید اسپتال بنانے پر این ڈی ایم اے کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تازہ ترین