• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم کا سرکاری اجراء‘ اوپن مارکیٹ میں قیمتیں 50روپے من گر گئیں

اسلام آباد (حنیف خالد) حکومت پاکستان کی منظوری سے امپورٹرز گروپ نے روس اور یوکرائن سے گندم کی امپورٹ کے سودے کر لئے ہیں۔ یوکرائن سے 60ہزار ٹن گندم پاکستان کیلئے بحری جہاز میں لادی جا رہی ہے جو بحیرہ اسود‘ آبنائے باسفورس (ترکی)‘ نہر سویز کے ذریعے ہوتا ہوا ستمبر میں پورٹ بن قاسم پر لنگر انداز ہو گا۔ یہ گندم 215ڈالر فی ٹن کے حساب سے بھیجی گئی ہے جبکہ کراچی کے امپورٹرز نے سندھ اور پنجاب کی فلور ملوں کے ساتھ درآمدی گندم کے سودے سوا دو سو ڈالر فی ٹن میں کر لئے ہیں۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر عبدالرئوف مختار نے جمعرات کی شب جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اس گندم کی درآمد پر وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے نوٹیفکیشن نمبر ایف ون تھری 2019ء ڈی ایف ایس سی‘ ٹو‘ ویٹ امپورٹ جاری کر دیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن میں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم کی چیک پوسٹوں کو فوری ختم کر دیں اور ملک کے اندر گندم یا آٹے کی آزادانہ نقل و حمل شروع کرا دیں۔ 10لاکھ ٹن گندم پرائیویٹ سیکٹر کو امپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کیلئے حکومت نے 60فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی‘ 11فیصد کسٹم ڈیوٹی‘ 17فیصد سیلز ٹیکس‘ 6فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیئے ہیں۔

تازہ ترین