• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، کیسز میں کمی کا رجحان برقرار، اموات کی عالمی درجہ بندی میں بھی بہتری

کراچی (ٹی وی رپورٹ / اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج مسلسل سامنے آرہے ہیں اور کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کا رجحان برقرار ہے جبکہ اموات کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان سے متعلق بہتری آئی ہے اور 12ویں نمبر پر آگیا ہے ۔ 

تاہم ملک میں کورونا سے مزید 79؍ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 5033؍ ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 242787تک پہنچ گئی۔

سندھ میں کورونا کیسز ایک لاکھ سے تجاوز کرگئے ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا نے مزید 40؍ افراد کی جانیں لے لیں اور 1538؍ افراد متاثر ہوئے اور 1254؍ مریض صحت یاب ہوکر معمول کی زندگی میں واپس آگئے ، ابتک 543400؍ ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن میں پورے سندھ میں 100900؍ مریضوں کی تشخیص مثبت آئی ہے۔ 

جمعرات کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 3058 کیسز اور 79 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 1538کیسز اور 40؍ اموات، پنجاب سے 988؍ کیسز 26ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 354 کیسز اور 9 ہلاکتیں، بلوچستان سے 47کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 81 کیسز 2ہلاکتیں، آزاد کشمیر 40 کیسز اور گلگت بلتستان سے 10کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

پنجاب میں 1955 ، سندھ میں 1677 اور خیبر پختونخوا میں 1063 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 142 ، بلوچستان میں 125 ، آزاد کشمیر میں 40 اور گلگت بلتستان میں 31 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

تازہ ترین