• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل صورتحال کا تجزیہ کرتے رہینگے، شفقت محمود


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے پندرہ ستمبر سے کھولے جائیں گے، اس سے پہلے کورونا کی صورتحال کا مسلسل تجزیہ کیا جاتا رہے گا ، نمائندہ خصوصی جیو نیوز زاہد گشکوری نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے لندن میں خریدی گئی تینوں جائیدادوں کے ذرائع آمدن ایف بی آر میں پیش ہو کر بتادیئے ہیں، انہوں نے اپنی آمدن کے تین ذرائع بتائے ہیں، ان میں سب سے اہم ذریعہ زرعی آمدنی ہے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ عذیر بلوچ کے حوالے سے نئے انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی ادارے پندرہ ستمبر سے کھولے جائیں گے، اس سے پہلے کورونا کی صورتحال کا مسلسل تجزیہ کیا جاتا رہے گا، اگست کے آخر میں بین الصوبائی میٹنگ میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، تمام فیصلے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کیے ہیں، تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے کئی فارمولے ہیں جس کے ذریعہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسکول کھولے جاسکتے ہیں، بچوں کی تعلیم کا بڑا حرج ہورہاہے حالات بہتر ہوتے ہیں تو ہمیں تعلیمی ادارے کھول دینے چاہئیں، مخصوص طبقے کے اسکولوں میں آن لائن تدریس کامیاب ہے مگر سرکاری اسکولوں اور مدارس میں بڑا نقصان ہورہا ہے، پندرہ جولائی کے بعد یونیورسٹیوں کے دور دراز علاقوں کے طالب علموں کو ہوسٹل میں رہنے کی اجازت ہوگی۔

تازہ ترین