• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

راولپنڈی
راولپنڈی میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف جنگ بلڈنگ کے سامنے احتجاج کیا گیا، مظاہرے میں صحافیوں اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے مطالبے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپنی آواز مسلسل بلند کیے رکھیں گے۔

لاہور
لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ میں علامتی بھوک ہڑتال کرنے والے سینئر صحافی ازھر منیر نے نظم سنا کر مذمت کی۔

سینئر صحافی مقصود بٹ، آصف باجوہ اور دیگر صحافیوں کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے، ان کی گرفتاری سراسر غیرقانونی ہے۔

پشاور
پشاور میں احتجاجی مظاہرے میں جنگ گروپ سے وابستہ کارکنوں نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیا اور کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو سچ بولنے کی سزا دی جارہی ہے۔

کوئٹہ
کوئٹہ مظاہرے میں جنگ ایمپلائز یونین کے رہنما حماداللّٰہ سیاپاد اور کوئٹہ پریس کلب کے سینئر نائب صدر عبدالخالق رند نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی باعزت رہائی کا مطالبہ کیا۔

بہاولپور
بہاولپور میں پریس کلب میں صحافیوں کی علامتی بھوک ہڑتال اور احتجاج کیا گیا، احتجاج میں نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر، کسان بورڈ کے چیئرمین جام حضور بخش لاڑ اور انجمن کاشتکاران کے کارکن، سینئر صحافی اطہر اعوان، امجد محمود اعوان، راشد ہاشمی، سید مجید ہاشمی بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر سید ذیشان اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

نواب شاہ
نواب شاہ میں اسٹیشن روڈ پر احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین