• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلا حدید کی والد سے متعلق پوسٹ ہٹانے پر انسٹا گرام کی معذرت

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے3دن قبل اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے ان کی والد سے متعلق کی گئی ایک پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔ سپر ماڈل نے اپنی اسٹوری میں انسٹاگرام کی جانب سے پوسٹ ہٹائے جانے کے بعد بھیجے گئے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے سوشل شیئرنگ ایپ کے اقدام پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔فیشن میگزین ایلے کے مطابق انسٹاگرام نے بیلا حدید کی جانب سے7جولائی کو اسٹوری پر شیئر کیے گئے والد کے پرانے پاسپورٹ کی پوسٹ کو ہٹادیا تھا۔ماڈل کی جانب سے والد کے شیئر کیے گئے پاسپورٹ میں ان کے والد محمد حدید کی جائے پیدائش پر واضح طور پر فلسطین لکھا ہوا تھا۔اور ماڈل نے دعویٰ کیا کہ انسٹاگرام نے دراصل ان کے والد کے پاسپورٹ کی پوسٹ کو اسی لیے ہٹایا کیوں کہ اس میں ان کے والد کی جائے پیدائش فلسطین لکھی ہوئی تھی۔ماڈل اور دیگر افراد کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد انسٹاگرام نے بیلا حدید سے پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے پر معذرت کرتے ہوئے ان کی پوسٹ بحال کردی۔ شوبز ویب سائٹ پیج سکس سے بات کرتے ہوئے انسٹاگرام کے نمائندے نے تصدیق کی کہ بیلا حدید کی پوسٹ کو ہٹایا گیا تھا۔ انسٹاگرام کے ترجمان نے یہ اعتراف بھی کیا کہ بیلا حدید کی پوسٹ کو غلطی کی بنیاد پر ہٹایا گیا، جس پر ایپلی کیشن ماڈل سے معذرت خواہ ہے اور اب ان کی پوسٹ بحال کردی گئی۔ترجمان نے وضاحت کی کہ بیلا حدید کی پوسٹ کو اس لیے ہٹایا گیا تھا کیوں کہ انہوں نے والد کے پاسپورٹ کی تصویر شیئر کی تھی اور انسٹاگرام کسی طرح کی ذاتی معلومات شیئر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ترجمان کے مطابق انسٹاگرام پاسپورٹ نمبر سمیت دیگر ذاتی معلومات شیئر کرنے کی اجازت نہیں دیتا تاہم بیلا حدید کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں پاسپورٹ نمبر کو چھپا دیا گیا تھا اور ایپلی کیشن نے غلطی سے ان کی پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

تازہ ترین