• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: نامور مبلغ و خطیب علامہ سید احمد ترمذی انتقال کرگئے

لندن /لوٹن /ہیلی فیکس (سعید نیازی / زاہد انور مرزا / آصف براہٹلوی / شہزاد علی / پ ر) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے مرکزی صدر جامعتہ الزھرا ہیلی فیکس کے بانی و پرنسپل دربار شاہ ولایت کے سجادہ نشین اہلسنت کے نامور مبلغ و خطیب علامہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر مذہبی، سیاسی اور سماجی حلقوں نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ کے علمائے کرام، مشائخ عوام اہلسنت غم سے نڈھال ہیں پروفیسر سید احمد حسین ترمذی عوام و خاص میں مقبول ترین شخصیت اور ہمہ جہت صفات کے مالک تھے ان کے انتقال کی خبر پورے یوکے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جبکہ جماعت کے دفتر میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی سے تعزیت کے لئے ٹیلی فون کی نہ رکھنے والی کالز کا سلسلہ جاری ہے۔ جماعت کے بانی و سرپرست اعلیٰ مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی نے کہا ہے کہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی کو اللہ کریم نے اعلیٰ صفات سے نوازا تھا۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی اسلام کی ترویج و اشاعت میں گزاری اور برطانیہ میں ان کی دینی اور جماعتی خدمات تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے جنرل سیکرٹری خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ وہ دربار شاہ ولایت کے مینار نور اور امیر ملت کے فیضان کا مظہر تھے۔ مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے لئے کی گئی خدمات تادیر ان کی یاد دلاتی رہیں گی اور ان کے قائم کئے گئے ادارے انشا اللہ ان کی بخشش و نجات کا سبب بنیں گے۔ دریں اثناء لندن سے لیکر گلاسگو تک کے علمائے کرام نے شاہ جی کے انتقال پر اظہار غم و تعزیت کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کیلئے اور صاحبزادگان خاندان اور عقیدت مندوں کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔ علامہ سید ا حمد ترمذی نے گزشتہ روز فجر میں اپنے قائم کردہ جامعتہ الزھرا میں خود نماز کی امامت کرائی بعد ازاں دل کا دورہ پڑا اور آپ خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کے نماز جنازہ کے انتظامات کئے جارہے ہیں امید ہے کہ سوموار کو انشااللہ ہیلی فیکس میں مرحوم کی نمازجنازہ ادا کی جائے گی۔ علامہ مفتی فیض رسول نقشبندی، علامہ پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، علامہ قاضی عبدالطیف قادری، علامہ محمد ارشد جمیل، علامہ حافظ محمد فاروق چشتی، علامہ قاری محمد خان قادری، علامہ قاری تجمل حسین، علامہ حافظ عبدالغفور چشتی، علامہ قاری واجد حسین چشتی، علامہ قاضی عبدالرشید چشتی، علامہ انعام الحق قادری، پیر احمد زمان نقشبندی، علامہ محمد یاسر سیالوی، علامہ صاحبزادہ محمد رفیق سیالوی، علامہ ظہیر احمد نقشبندی، علامہ قاضی ساجد لطیف قادری، علامہ مفتی عبدالرحمان نقشبندی، علامہ صاحبزادہ سید نور احمد کاظمی، علامہ قاری حفیظ الرحمان چشتی، مولانا قاری رضا المصطفیٰ چشتی، علامہ محمد عبدالباری چشتی، علامہ شبیراحمد ربانی اور دیگر نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔ علاوہ ازیں ورلڈ مسلم فیڈریشن کے ڈائریکٹر علامہ سید ظفر اللہ شاہ، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، امام حفیظ الرحمٰن چشتی، خلیفہ صوفی صفدر حسین، علامہ فرید ہارون، مولانا ارشد محمود، علامہ عمران الحق، الحاج راجہ جاوید اقبال، پاکستان سے بذریعہ فون پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، علامہ رشید جماعتی اور دیگر نے پیر سید احمد حسین ترمذی کی اچانک وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

تازہ ترین