• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہالینڈ کی ڈائری راجہ فاروق حیدر
وطن سے دور رہتے ہوئےوطن سے محبت کچھ زیادہ ہی ہوتی ہے۔ یہاں جو بھی تقریبات ہوں، ان میں خاص طور پر پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عزت و وقار کے لئے خصوصی دعائیں ہوتی ہیں۔ ہماری انتہائی کوشش ہوتی ہے کہ دیار غیر میں پاکستان کا امیج اچھا ہو لیکن کچھ تہلکہ خیز انکشافات سے ہمارے وطن عزیز کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔ ابھی چند روز قبل ہمارے وفاقی وزیر ہوا بازی کا بیان منظر پر آیا کہ ہمارے بہت سارے پاکستانی پائلٹس کے پاس جعلی لائسنس ہیں۔ اس خبر نے بیرون ملک پاکستان کے وقار کو بہت نقصان پہنچایا اور جو پاکستانی پاکستان سفر کے لئے اپنی قومی ائر لائن کو ترجیح دیتے تھے، انہیں بھی سوچنے پر مجبور کر دیا گیا کہ آخر یہ کیا ہورہا ہے، ہم کس طرف جارہے ہیں اور کہاں تک جائیں گے۔ ہمارے پائلٹس کے لائسنس جعلی، ہمارے ڈرائیونگ لائسنس جعلی ، ہماری قانون کی ڈگریاں جعلی ، اساتذہ کی ڈگریاں جعلی، حکومتیں جعلی مینڈیٹ کی۔ ہمیں بحیثیت قوم سوچنا ہوگاکہ یہ آج کیا ہورہا ہے۔ جب سے ہوش سنبھالا ہے یہی سنتے آرہے ہیں کہ پاکستان بحرانوں کا شکار ہے۔ پاکستان کے عوام کو موجودہ حکومت سے بہت ساری توقعات تھیں لیکن افسوس کہ عوام کے خواب چکنا چور ہورہے ہیں ،موجودہ حکومت کرپشن کے خاتمے کے دعوے پر آئی تھی لیکن افسوس کرپشن پورے نظام میں سرایت کر چکی ہے، شاید اس کے لئے کسی بڑے انقلاب کی ضرورت ہے، پاکستان میں کرپشن مافیا بہت طاقتور ہے، ہر ذی شعور پاکستانی تذبذب کا شکار ہے، حکومت کی مقبولیت کا گراف تیزی سے گررہا ہے، معاشرے میں بدحالی تیزی سے بڑھ رہی ہے، غیرملکی قرضوں میں اضافہ ہورہا ہے،کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہوئے، عرب ممالک سے ہزاروں لوگ بے روزگاری کی وجہ سے واپس آ رہے ہیں، موجودہ حکومت کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، اوور سیز پاکستانی بے شمار مسائل کا شکار ہیں جب کہ اندرون ملک حکومت بہت سارےمسائل سے دوچار ہے اور آئے دن نئے نے مسائل سامنے آرہے ہیں۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت نہتے کشمیریوں پرظلم وستم کے پہاڑ ڈھارہا ہے اور پاکستان سے دشمنی کرنے میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ پاکستان کو الله تعالی نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے،ہمارے ملک میں کس چیز کی کمی ہے، معاشرہ اگر دیانتداری کی طرف آجائے تو ہمارا وطن سورہ رحمٰن کی تفسیر ہے۔ اس وقت قوم میں ایک جذبے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم سب کو تعمیر وطن کرنی ہے، حکومتیں اکیلی کچھ نہیں کر سکتیں، ہم نبی آخرالزمانﷺکی امت ہیں، خدمت خلق کے جذبے سے آگے بڑھیں اور مفلوک الحال معاشرے کے کمزور لوگوں کے دست و باز وبنیں، یقینا اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا راستہ یہی ہے اور اسی میں فلاح ہے۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے جو انشااللہ روز قیامت تک قائم رہے گا ۔ ہماری دعا ہے کہ الله تعالی رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے وطن عزیز پاکستان اور دنیا بھر کو ( کورونا وائرس) اور دیگر مسائل سے چھٹکارا دے کر امن و سلامتی کا گہوارہ بنادے ۔ اللہ پاک پاکستان کو کامیابیاں، خوشیاں اور خوشحالی عطا فرمائے اور اس کو ہمیشہ قائم رکھے۔
تازہ ترین