• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی خزانے کو نقصان، 22 درآمد کنندگان اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس گرفتار

پشاور( ارشدعزیز ملک)پشاور کسٹمز حکام نے افغانستان سے ایرانی سیبوں کی درآمد کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانےپر 22 درآمد کنندگان اورکسٹمز کلئیرنگ ایجنٹس کو گرفتار کرلیاجبکہ پانچ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ملزمان نے افغانستان کے سیبوں کی ڈیوٹی دیکر ایرانی سیب درامد کئے تھے جس سے قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے کا کسٹمز ڈیوٹی ٗسیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں نقصان پہنچا ۔تفصیلات کے مطابق امپورٹرز نے یکم جولائی 2019 سے 31 اکتوبر 2019تک سیب کی 541 کھیپ منگوائیں جس پر پاکستانی حکام نے کاغذات تصدیق کے لئے افغانستان بھجوائے جس میں سے 378 کاغذات جعلی نکلے جس پر وفاقی حکومت نے ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کو مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہفتہ کے روز درآمد کنندگان اور کسٹمز کلئیرنگ ایجنٹس کو کسٹمز جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انکی ضمانت قبل ازگرفتاری منسوخ ہونے پرانھیں حراست میں لے لیاجبکہ پانچ امپورٹر روپوش ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ پشاور کسٹمز کے ترجمان نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کو کسٹمز کی حوالات میں رکھا گیا ہے اور قانون کے مطابق کاروائی جاری ہے ۔انکوائری افسر سعید اختر اور حفیظ کے مطابق افغان سیب کی درامد پر دس فیصد اور ایرانی سیب پر بیس فیصد کسٹمز ڈیوٹی ہے جبکہ ملزمان نے ایرانی سیب کو افغان سیب ظاہر کرکے درامد کرکے قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔

تازہ ترین