• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ہدایت پر تمام وزارتیں/ڈویژنز فنڈز کا 20فیصد استعمال کی مجاز

اسلام آباد(مہتاب حیدر) وزیراعظم کی ہدایت پر تمام وزارتیں/ڈویژنز مختص شدہ فنڈز کا 20 فیصد استعمال کرنے کی مجاز ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کیلئے وزیراعظم نے تمام قواعد و ضوابط میں نرمی کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت منصوبہ بندی نے تمام وزارتوں / ڈویژنز کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ مختص شدہ فنڈز کا 20 فیصد یعنی 116 ارب روپے ترقیاتی اسکیموں پر پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) خرچ کریں. پلاننگ کمیشن کے اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز کو اس بات کی تصدیق کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ترقیاتی پروگرام سے متعلق صوابدیدی فنڈز کا اجرا رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کردیا جائے گا۔ حکومتی منصوبے کے مطابق، پہلی سہ ماہی میں 20 فیصد، دوسری اور تیسری سہ ماہی میں 30 فیصد اور چوتھی سہ ماہی میں 20 فیصد ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی اجازت دی جائے گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت نے تمام قواعد وضوابط میں نرمی کی ہے تاکہ رواں مالی سال کے دوران معاشی سرگرمیاں شروع ہوسکیں۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ وزارتوں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ پہلی سہ ماہی میں 20 فیصد فنڈز استعمال کرلیتے ہیں تو وہ وزارت منصوبہ بندی سے رابطہ کریں۔ اس سے قبل وزارتیں 20 فیصد فنڈنگ بغیر کسی منظوری کے استعمال کرسکتی تھیں اور یہ طریقہ کار فنانس ڈویژن نے طے کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی یعنی ترقیاتی پروگرام کے لیے رواں مالی سال میں 650 ارب روپے مختص کیے ہیں، جس میں 72 ارب روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے۔ بلوچستان، خیبرپختون خوا اور گلگت بلتستان کے ضم شدہ اضلاع کے جاری منصوبوں اور نئے منصوبوں کے لیے خصوصی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بلوچستان کے منصوبوں کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین