• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر مذہبی امور اور پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم شیخ نیب کے شکنجے میں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کیخلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے، نیب نے حج اشتہاری مہم میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کا فیصلہ کرلیا، متعلقہ اداروں سے 2 سالوں کی حج اشتہاری مہم کا ریکارڈ مانگ لیا۔

نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر ملیر سے پی ٹی آئی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی 253 ایکڑ زمین پر قبضے اور بیچنے کے الزامات بارے معلومات طلب کر لی ہیں ،نیب نے ڈپٹی کمشنر کے نام خط میں کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ پر ملیر کی 253 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے اور غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔

اس سلسلے میں وہ تمام متعلقہ کاغذات 27 جولائی تک نیب میں مختار کار کے ذریعے جمع کرائیں ،ادویات کی قیمتوں میں اضافے پرسابق وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کیخلاف شکایت کی تصدیق کاعمل مکمل کرلیاگیا،عامر محمود کیانی کیخلاف انکوائری نیب راولپنڈی نے جے آئی ٹی کے سپرد کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کیخلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے، نیب نے حج اشتہاری مہم میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کا فیصلہ کرلیا، متعلقہ اداروں سے 2 سالوں کی حج اشتہاری مہم کا ریکارڈ مانگ لیا، سرکاری بلڈنگ بزنس پارٹنر کو کرائے پر دینے کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کے احکامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کیخلاف مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ نیب نے سرکاری بلڈنگ کرائے پر دینے کی انکوائری سمیت نور الحق قادری کیخلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ 

نیب نے حج اشتہاری مہم میں مبینہ بیضابطگیوں کی بھی مکمل چھان بین کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے گزشتہ 2 سال کی اشتہاری مہم کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نورالحق قادری کیخلاف ایک سرکاری عمارت بزنس پارٹنر کو کرائے پر دینے کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ اس حوالے سے نیب کو مکمل ریکارڈ مل چکا ہے۔ اس حوالے سے نیب کو شکایت کی گئی تھی کہ نورالحق قادری نے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ تاہم اب نیب کا شکایات سیل نورالحق قادری کے اثاثوں کی بھی مکمل معلومات حاصل کریگا۔

دوسری جانب نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر ملیر سے پی ٹی آئی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی 253 ایکڑ زمین پر قبضے اور بیچنے کے الزامات بارے معلومات طلب کر لی ہیں ، نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے نام خط میں کاغذات کی تصدیق شدہ کاپی اور فیلڈ رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے ، نیب لیٹر میں اینٹی کرپشن کی جانب سے2019 میں کی جانے والی انکوائری کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

نیب لیٹر میں تمام زمینوں کا رقبہ اور پیمائش کا ذکر بھی کیا گیا ہے،واضح رہے کہ ۔سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ ضمیر عباسی نے گزشتہ برس حلیم عادل شیخ کے خلاف تحقیقات کرکے چیف سیکریٹری کو بھیجی تھی ، اینٹی کرپشن کی رپورٹ میں زمین پر قبضے اور فروخت میں حلیم عادل شیخ، ان کے بڑے بھائی، بیٹے، ڈی سی ملیر، اور محکمہ ریونیو کے دیگر افسران کو ملزم قرار دیا گیا ،نیب نے یہ کاروائی اس بارے میں مختلف شکایات آنے کے بعد شروع کی ہے ۔ 

دریں اثناء نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ جے آئی ٹی نے عامر محمود کیانی کیخلاف انکوائری شروع کردی،عامر محمود کیانی کیخلاف انکوائری نیب راولپنڈی نے جے آئی ٹی کے سپرد کردی،نیب قواعدکے مطابق انکوائری کے دوران ذمہ داران کو گرفتار کیاجاسکتا ہے ۔

یاد رہے کہ عامر محمود کیانی کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کے الزامات ہیں ۔

تازہ ترین