• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فورٹ منرو میں زرتاج گل کی افتتاحی تقریب بدنظمی کا شکار

فورٹ منرو میں زرتاج گل کی افتتاحی تقریب بدنظمی کا شکار 


ڈیرہ غازیخان (نمائندہ جنگ) فورٹ منرو میں زرتاج گل کی افتتاحی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی۔ پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے اور افتتاحی تختی کو جوتوں کا ہار پہنا دیا گیا، پولیس نے پتھراؤ کرنے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ اس بداخلاقی کا جواب 2023 کے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے دینگے،تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب وفاقی وزیر زرتاج گل کا قبائلی سیاحتی مقام فورٹ منرو کا دورہ بدنظمی کا شکار ہوگیا۔ مشتعل عوام نے زرتاج گل کو بولنے تک نہ دیا جس پر پولیس اہلکار زرتاج گل کو وہاں سے نکال کر لے گئے۔ زرتاج گل کی موجودگی میں پی ٹی آئی مردہ باد اور جمال لغاری اویس لغاری زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔ چوٹی بالا میں زرتاج گل کے نام سے لگائی گئی ایک افتتاحی تختی کو لوگوں نے جوتوں کا ہار پہنا دیا۔ زرتاج گل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ شکست خوردہ سرداروں کے بھیجے ہو ئے چند افراد نے بلوچی روایات کو پامال کیا۔ اس بداخلاقی کا جواب 2023 کے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے دینگے۔ اس علاقے پر صدیوں سے حکمرانی کرنے والے شکست خوردہ سرداروں کو یہاں کی ترقی برداشت نہیں ہورہی۔ ایک ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں سے علاقہ میں تبدیلی آرہی ہے۔ مجھ پر حملہ کرا کر حلقہ میں آنے سے روکنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ ادھر کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس حمزہ سالک نے کہا کہ بدمزگی اور پتھراؤ کی کوشش کر نے والے تین افراد حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تازہ ترین