• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق المدارس العربیہ کے زیر اہتمام خصوصی انتظامات کے تحت امتحانات

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام 11 جولائی بروز ہفتہ سے ملک بھر میں سخت احتیاطی تدابیرپر عمل کرتے ہوئے امتحانی عمل کا آغاز ہوگیا ہے-کورونا وائرس کے باعث اس سال خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں-مدارس ومساجد کے بڑے ہالوں میں طلبہ کو مناسب فاصلے پر بٹھایا گیا ہے،تمام طلبہ کے لیے ماسک،ہینڈ سینٹائزر کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔امتحانی عملے کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ یوں ملک بھر میں وفاق المدارس نے منظم انداز سے امتحانات کا انعقاد کرکے ایک مرتبہ پھر ایک قابل تقلید مثال قائم کر دی ہے اور اپنی دیرینہ روایات کو برقرار رکھا ہے-وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری مسلسل امتحانی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں-ملک بھر میں وفاق المدارس کے قائدین نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ کسی بھی امتحانی مرکز میں کسی قسم کی مشکلات یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نوشہرہ میں مولانا انوار الحق،ملتان میں مولانا محمد حنیف جالندھری، کراچی میں مولانا امداد اللہ،مولانا ڈاکٹر عادل خان،مولانا سعید سکندر،مولانا طلحہ رحمانی،لاہور میں مولانا قاضی عبدالرشید،پشاور میں مولانا حسین احمد،کوئٹہ میں مولانا صلاح الدین،خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مولانا اصلاح الدین حقانی،آزاد کشمیر میں مولانا سعید یوسف،اندرون سندھ مولانا قاری عبدالرشید،جنوبی پنجاب میں مولانا زبیر صدیقی،اسلام آباد میں مولانا ظہور احمد علوی،مفتی محمد عثمان اور مولانا عبدالقدوس محمدی نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور تمام انتظامات بالخصوص احتیاطی تدابیر کو تسلی بخش قرار دیا-واضح رہے کہ شعبہ حفظ کے طلبہ و طالبات سمیت اس سال مدارس کے طلبہ و طالبات کی کل تعداد 394899 ہے۔
تازہ ترین