• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب حلیم عادل کو کلین چٹ دیدے گا، سعید غنی

نیب حلیم عادل کو کلین چٹ دیدے گا، سعید غنی


سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے حلیم عادل شیخ کا کیس لیا، مگر کو ئی شک نہیں کہ انہیں کلین چٹ دے دی جائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر وزراء کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے کہا کہ مجھے نیب پر اعتماد نہیں کہ وہ تحریکِ انصاف کے کسی رہنما کے خلاف کارروائی کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ خسرو بختیار کے خلاف نیب کے پاس پہلے سے کافی مواد ہے، لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، مجھے ذاتی طور پر امید نہیں کہ نیب حکو متی ارکان کے خلاف کارروائی کرے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ پی آئی اے کو حکومت نے پوری دنیا میں تباہ کر کے رکھ دیا ہے، افغان کرنسی پاکستانی کرنسی سے اوپر چلی گئی، ڈالر کا ریٹ کہاں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی چولوں کے سردار ہیں، ان سے توقع رکھنا بے کار ہے، ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کیا چولیں مار رہا ہوں۔


وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے سی ویو دھرنے میں امن کمیٹی کے لوگ آتے رہے، حبیب جان نے تصدیق کی کہ تحریکِ انصاف کے کراچی کے جلسے امن کمیٹی سے کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حبیب جان نے کہا کہ علی زیدی جھٹلائیں کہ وہ امن کمیٹی سے رابطے میں تھے، علی زیدی کو احساس ہو جائے تو اپنی غلطی تسلیم کر لیں کہ جھوٹ بولا۔

وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے لوگوں پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب اس نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈرامے بازیاں کر رہی ہے، عوام سے جھوٹ بولتی ہے، حکومت پہلے نالائقی سے بحران پیدا کرتی ہے اور پھر ڈرامے بازی کر کے کریڈٹ لیتی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ حکومت نے 2 سال میں صرف ایک کام کیا کہ اپوزیشن پر کیسز بناؤ، حکومت پیٹرول، چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فہمیدہ مرزا کو سندھ دشمنی والی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، ان سے گزارش ہے کہ وہ سندھ کے عوام کے حق کی بات کریں۔

یہ بھی پڑھیئے: یہ چول نہیں مہا چول ہیں، سعید غنی

وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ حلیم عادل کے خلاف اینٹی کرپشن میں کارروائی ہو رہی ہے، عزیر بلوچ، نثار مورائی اور بلدیہ فیکٹری کا کیس عدالت میں ہے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ علی زیدی کو بلدیہ فیکٹری پر بھی بات کرنی چاہیے، معاملہ عدالتوں میں ہے، جے آئی ٹیز پر بات نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فہمیدہ مرزا جتوائی گئی ہیں اور سندھ کے حقوق کی دعوےدار ہیں،مجھے امید تھی کہ یہ سندھ کے لوگوں کی بات کریں گی، جب ہماری حکومت تھی تو ہم نے مزدوروں کو تمام اداروں میں شیئر دیا، مسلم لیگ نون اور موجودہ حکومت نے اس معاملے کو روکا۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ ہر ادارے میں مزدوروں کا ایک نمائندہ بورڈ ممبر ہو، ہم نے حکومت کی نمائندگی کم کی تھی، مصیبت یہ ہے کہ ہمارا پالا چولوں سے پڑ گیا ہے، جے آئی ٹی بنتی ہے تو وہ مقدمے کا حصہ بن جاتی ہیں۔

وزیرِ تعلیم سندھ نے یہ بھی کہاکہ اس وقت جے آئی ٹی کو پیٹنے سے کچھ نکلنے والا نہیں ہے،کے الیکٹرک کے خلاف ہم نے کافی مظاہرے کیے ہیں اور کام کر رہے ہیں، ہم نے پی ٹی آئی کی طرح ڈرامے بازی نہیں کرنی تھی۔

تازہ ترین