• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کے تمام مریض ڈسچارج ہوگئے

عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کیلئے لاہور میں قائم ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال میں زیر علاج تمام مریض ڈسچارج ہو گئے جس کے بعد فیلڈ اسپتال کے تینوں ہالز کو بند کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ایکسپو فیلڈ اسپتال میں 990 بیڈز کا آئسولیشن وارڈ بنایا گیا تھا، اسپتال کے لیے 110 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس کو مختص کیا گیا تھا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر اسپتال میں کوئی مریض نہیں رہا، ایکسپو سینٹر میں 300 بیڈ پر آکسیجن کی سہولت موجود ہے، محرم تک ایکسپو سینٹر کا اسپتال قائم رہے گا۔

وائس چیئرمین ایڈوائزری بورڈ ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا مریضوں میں واضح کمی آئی ہے، کورونا کے کے لیے مختص 3 ہزار بیڈ میں سے 27 سو بیڈ خالی ہیں، 22 بیڈ، 4 سو ایچ ڈی یو کے بیڈ اور 110 وینٹی لیٹر کے بیڈ خالی ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب نبیل اعوان کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کے ڈاکٹرز اور اسٹاف کو میو اسپتال بھیج دیا گیا ہے، عید کے بعد کورونا وائرس کی ایک اور لہر آنے کا خدشہ ہے۔

نبیل اعوان نے کہا کہ مریض رپورٹ نہ ہوئے تو اگست کے آخر میں ایکسپو اسپتال مکمل بند کرنے کا فیصلہ کریں گے، ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کا بل بھیجا گیا ہے اس میں ایکسپو سینٹر کا کرایہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور دیگر بلوں کی مد میں دو کروڑ روپے بنتے ہیں، اپریل میں ایکسپو سینٹر لیتے وقت واضح کیا گیا تھا کہ کرایہ نہیں لیا جائے گا، صفائی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے اخراجات محکمہ صحت نے اٹھانے تھے۔

تازہ ترین